اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک گھنٹے میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے تقریباً ایک کھرب 30 ارب روپے جمع کر لئے۔
پیپلز پارٹی اعلامیہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر ورلڈ بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، عالمی ادارہ صحت، یونیسف، ہلال احمر، ریڈ کراس سمیت اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے مثبت ردعمل دیا ہے۔
امریکا نے بلاول بھٹو زرداری کی اپیل کے بعد پاکستان کو ساڑھے چھ ارب روپے کی امداد دی، وزیر خارجہ کی اپیل کے بعد فوری طور پر چین، ترکیہ، امریکا، برطانیہ، آذر بائیجان، سعودی عرب، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک نے بھی فوری امداد کا اعلان کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی نقد امداد کے علاوہ ٹینٹ، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر اہم امدادی سامان کی بھی امداد دی گئی جبکہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک سمیت مختلف عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔
ورلڈ بینک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 82 ارب روپے سے زائد، اقوام متحدہ نے ساڑھے 35 ارب روپے جبکہ امریکا نے ساڑھے 6 ارب روپے سے زائد کی امداد دی۔
پیپلز پارٹی ے ترجمان کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ساڑھے پانچ ارب روپے کی امداد دی، یو ایس ایڈ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 24 کروڑ 42 لاکھ روپے کی امداد دی، چین نے چھ کروڑ 66 لاکھ روپے امداد دی۔
چین کے امدادی ادارے نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 6 کروڑ 66 لاکھ روپے، یورپی یونین نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 30 کروڑ روپے، برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 33 کروڑ 30 لاکھ روپے، یونیسف، عالمی ادارہ صحت، یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 66 کروڑ 60 لاکھ روپے کی امداد دی۔
پاکستان کو اقوام متحدہ، ترکی، جاپان اور چین نے ٹینٹ، ادویات، تعمیر نو کے لئے معانت سمیت دیگر معاملات میں بھی امداد کی یقین دہانی کرادی۔
پاکستان نے اب تک مجموعی طور پر 131 ارب روپے (ایک کھرب، 31 ارب روپے) کی نقد امداد حاصل کرلی، مزید امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیلاب: چیلنج پر قابو پانے کیلئے ڈونر اداروں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بلاول
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ سیلاب سے ملک میں تقریباً 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں، اس بڑے چیلنج پر قابو پانے کے لئے حکومت، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ڈونر اداروں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔
وزارت خارجہ میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک بھر میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیاں زوروں پر ہیں۔ سیلابوں سے تباہی کے ابتدائی جائزے کے بعد دنیا، اقوام متحدہ اور شراکت دار ایجنسیوں کو چیلنج کی شدت سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس مون سون میں معمول سے تین گنا زیادہ بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں سندھ کے 23 اضلاع اور بلوچستان، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے 30 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے۔
انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے خیموں اور کھانے پینے کی اشیاء کی کمی کا ذکر کیا اور امدادی اشیاء کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بلاول نے کہا کہ سیلابی پانی میں ڈوبے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی ایک بڑا چیلنج ہے تاہم محدود وسائل کے باوجود اس ضمن میں کام کیا جا رہا ہے۔ عالمی برادری کے تعاون سے پاکستان کو اس مشکل چیلنج پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر اقوام متحدہ اور اس کے اداروں کا شکریہ ادا کیا اور امدادی کاموں میں عوام اور سول سوسائٹی کی جانب سے مثالی فراخدلی کو بھی اجاگر کیا۔سیلاب سے بچائو اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ایک طویل راستہ باقی ہے۔
چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور بین الاقوامی اداروں کی سطح پر مشترکہ کوششوں سے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ سندھ کے دوران 15 ارب روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے، یہ رقم صوبائی حکومت کی کوششوں کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی کے معاملے کے بارے میں سوال پر بلاول بھٹو نے بے نظیر انکم سپورٹ سسٹم کے تحت ڈیٹا کی دستیابی کی افادیت کا حوالہ دیا جس سے امدادی سرگرمیوں کو انجام دینے میں مدد ملی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ سیلاب کے معاملے پر سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افراد مدد کے منتظر رہے جبکہ صوبائی حکومت اپنے لیڈر عمران خان کے لئے ہیلی کاپٹر کی سہولت فراہم کرنے میں مصروف رہی۔ موجودہ سیلاب کے مسئلے نے قومی معیشت سے متعلق مسائل کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے جبکہ عوام کو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اتحادی حکومت بے پناہ چیلنجز کے باوجود اس مشکل سے موثر انداز میں نمٹے گی۔ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جنہوں نے سندھ اور بلوچستان کے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔
سینکڑوں لوگوں کے بے گھر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کرے گا۔ پاکستان اکیلے اس چیلنج پر قابو نہیں پا سکتا اور اس سلسلے میں عالمی برادری سے تعاون کا مطالبہ کیا۔ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان میں ‘سپر فلڈز’ میں کردار ادا کیا اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایک مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر جولین ہارنیس نے کہا کہ بین الاقوامی اپیل کے ذریعے جمع ہونے والے فنڈز صحت اور ہنگامی خدمات اور مویشیوں کی ویکسینیشن کے مسائل کا احاطہ کریں گے۔ اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر رسپانس سہولیات چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی قومی صلاحیت میں معاونت کریں گی۔ اقوام متحدہ نے مقامی حکام کے ساتھ تعاون کا آغاز کیا ہے جس میں لسبیلہ، بلوچستان میں پانی کے علاوہ مویشیوں کی ویکسینیشن کے لئے 3 بلین ڈالر کی سپلائی بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور کہا ہے اگر مزید امداد کی ضرورت ہوئی تو اقوام متحدہ اس پر رسپانس دے گا۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ماہرین کل سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کریں گے تاکہ ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد اقوام متحدہ کا مرکزی ہنگامی امدادی پروگرام شروع ہوا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی آواز کو موثر انداز میں نہیں سنا گیا تھا اور دریائی نظام کے انتظام کے حوالے سے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔