بلوچستان میں سیلاب، 254 افراد جاں بحق، 61 ہزار سے زائد مکانات تباہ

Published On 30 August,2022 10:52 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان میں مون سون بارشوں سے طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 254 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 61 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوگئے۔

مون سون کی بارشوں اور جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں آج مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، صوبے میں جون سے اب تک بارشوں سے 254 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 121 مرد، 59 خواتین اور 73 بچے شامل ہیں، زیادہ تر اموات بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، بولان، ژوب، کیچ، دکی، خضدار، کوہلو، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔

مختلف حادثات سے 164 افراد زخمی بھی ہوئے، بارشوں سے 61 ہزار 718 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 17 ہزار 608 مکانات منہدم اور 44 ہزار 110 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں 18 پلوں اور 1000 کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔

ایک لاکھ 45 ہزار 936 مال مویشی ہلاک ہوئے جبکہ 2 لاکھ ایکٹر سے زائد رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا، متاثرہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرہ اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، دکی اور قلات کے متاثرین میں 200 ٹینٹ، 1730 فوڈ پیکٹس، 700 لحاف، 600 ترپال اور 200 پانی کے کولر تقسیم کیے گئے۔
 

Advertisement