رینٹل پاور پراجیکٹ کیس: شوکت ترین نے نیب ریفرنس کالعدم قرار دینے کی درخواست واپس لے لی

Published On 01 September,2022 12:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے سپریم کورٹ میں رینٹل پاور پراجیکٹ نیب ریفرنس کالعدم قرار دینے کی درخواست واپس لے لی ہے، عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شوکت ترین کیخلاف رینٹل پاور منصوبے میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔

وکیل شوکت ترین نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل شوکت ترین ریفرنس میں بری ہوچکے ہیں، ان کے بری ہونے کے باعث درخواست اب غیر موثر ہوچکی ہے جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد ہر نمٹا دی ہے۔

یاد رہے کہ شوکت ترین نے نیب ریفرنس سے بریت کیلئے جون 2018 میں اپیل دائر کی تھی، اپیل میں ریفرنس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی. شوکت ترین نے حتمی فیصلے تک ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد پر حکم امتناع جاری کرنے کی بھی استدعا کر رکھی تھی۔

Advertisement