آڈیو کال کی تحقیقات کا معاملہ: ایف آئی اے نے شوکت ترین کو کل طلب کرلیا

Published On 20 September,2022 02:20 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز)ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو وفاق سے تعاون نہ کرنےکی کال کرنے کے معاملے پر طلب کرلیا ہے۔

ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو انکوائری میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے کل صبح 10 بجے طلب کیا ہے، شوکت ترین کو تیمور سلیم جھگڑا کو فون کال کرنے پر طلب کیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حاضر نہ ہوئے تو سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس دفاع میں کہنےکو کچھ نہیں ہے، شوکت ترین نے تیمورجھگڑا کو کال کر کے کہا تھا کہ وفاقی حکومت کو خط لکھ کر بجٹ کی اضافی رقم واپس نہ کرنے کا کہہ دیں۔

شوکت ترین نے تیمور جھگڑا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہوگا کہ جو سیلاب آیا ہے اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کر دیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے بہت پیسا چاہیے۔
 

Advertisement