اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بروقت بلدیاتی انتخابات نہ کرانے سے آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بلدیاتی قانون میں مسلسل ترمیم کی وجہ سے بروقت انتخابات ممکن نہیں ہوسکے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پنجاب حکومت فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے، الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے بلدیاتی قانون کے رولز، نقشہ جات طلب کر لئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کی پابند ہے۔