سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ادارے اورانتظامیہ سرگرم ہے: عمرسرفراز چیمہ

Published On 28 August,2022 01:15 pm

لاہور(دنیا نیوز) سابق گورنرپنجاب اور مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب کی 3تحصیلیں سیلاب سے زیادہ متاثر ہوئیں، دیگر صوبوں کی نسبت نقصان کم ہے، نقصانات اور ریلیف کا جائزہ لینے کےلیے وزراء پر مشتمل خصوصی کمیٹی بنادی گئی، متاثرین کی بحالی کےلیے تمام ادارے اورانتظامیہ سرگرم ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کابینہ ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی سیلاب متاثرین کے اعداد و شمار کا تعین کر رہی ہے، سیلاب متاثرین کے نقصان کا تخمینہ لگا کر اس کا ازالہ کیا جارہا ہے۔

سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں روجھان کے مقام پر 6لاکھ 85ہزار کیوسک کا ریلا گزرا، تربیلا کے مقام پر 3لاکھ 35ہزار کیوسک پانی کا اخراج ہے، تونسہ شہر کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی بند بنایا گیا، سیلاب زدگان کی امداد کیلئے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ پہلے ہی قائم کیا جاچکا ہے، 24 گھنٹے فنڈزاکٹھا کر کے سیلاب متاثرین کی فلاح وبہبود پر خرچ کئے جارہے ہیں۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پنجاب میں دیگرعلاقوں کی نسبت سیلاب سے کم نقصان ہوا، پنجاب میں سیلاب متاثرین کو 3 اوقات میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، خشک راشن، جانوروں کیلئے چارا اور طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے، سیلاب متاثرین کی فلاحی سرگرمیوں کیلئے تمام ادارے اور انتظامیہ سرگرم ہیں، پنجاب میں آج 80فیصد احتجاج بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف ہورہا ہے۔
 

Advertisement