لندن: (اظہر جاوید ) برطانیہ کیلئے پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان سے برطانیہ کی ڈیزاسٹرز ایمرجنسی کمیٹی (ڈی ای سی) کے وفد کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر صالح سعید او بی ای اور ڈائریکٹر پروگرام مدارا ہیتاراچی شامل تھے۔
وفد نے ہائی کمشنر کو گزشتہ جمعرات کو شروع کی گئی ڈی ای سی کی پاکستان فلڈ اپیل سے متعلق آگاہ کیا جس کے نتیجے میں اب تک 16 ملین پاؤنڈ کے فنڈز موصول ہو چکے ہیں۔
بتایا گیا کہ ڈی ای سی حکومت پاکستان کے اشتراک سے کام کر رہا ہے اور جمع شدہ رقم پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی اپنی شراکت دار این جی اوز کے ذریعے خرچ کرے گا تاکہ خوراک، پناہ گاہیں ، پینے کا صاف پانی، صفائی ستھرائی کی فراہمی اور حفظان صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
مزید برآں متاثرہ افراد کے روزگار کی بحالی کے لئے بھی فنڈز خرچ کیے جائیں گے۔
ہائی کمشنر نے ڈی ای سی کی کوششوں کو سراہا اور امدادی سامان کی تیز رفتار اور موثر تقسیم کے لئے پاکستان مسلح افواج، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈی ای سی کو سیلاب سے بچاو کی کارروائیوں میں مکمل مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے۔ انہوں نے اس آمید کا اظہار کیا کہ تمام شراکت دار ادارے اور ایجنسیاں باہمی ہم آہنگی کی ساتھ متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔