اسلام آباد:(دنیا نیوز) بارشوں اور سیلاب سے اہم شعبوں کی پیداوار میں نمایاں کمی سے ملکی برآمدات بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ 3 ارب ڈالر بڑھنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق سیلاب کے باعث سبزیوں، فروٹ، تمباکو، سیمنٹ اور چمڑے کی مصنوعات کی پیدوار شدید متاثر ہوئی ہے جس سے برآمدات میں کمی ہو گی، رواں مالی سال گندم، دالیں، چینی، کنسٹرکشن مشینری اور ادویات کی درآمدات میں اضافے کا مکان ہے، یوں برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ 3 ارب ڈالر بڑھنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کیلئے برآمدی شعبے کیلئے حکومتی سطح پر فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، یورپی یونین اور امریکا میں برآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرنا ہوں گی۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں برآمدات کا ہدف 35 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔