سندھ کے نوجوان میری ٹیم بنیں، زرداری کوشکست دیں گے: عمران خان

Published On 05 September,2022 05:21 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نے سکھر میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا، مسائل سنے اور کہا کہ قدرتی آفت سے آنے والی تباہی افسوس ناک ہے، تحریک انصاف متاثرین کی امداد کیلئے سرگرم ہے، سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، سندھ کے نوجوان میری ٹیم بنیں زرداری کوشکست دیں گے۔

سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سیلاب نے بہت تباہی مچائی، سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثرہوا، میری ٹیم مجھے بتائے گی کونسے علاقے میں امداد پہلے پہنچانی ہے، سیلاب متاثرین کے لیے پیسہ اکٹھا کروں گا، جو پیسہ اکٹھا کیا اس میں سے ایک ارب سندھ سیلاب متاثرین پر لگایا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب میرا اللہ ہمیں اگلی باری دے گا تو ڈیمز بنائیں گے، بلوچستان سے چلنے والے نالوں کی وجہ سے تباہی مچی، بلوچستان کے ان نالوں پر چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے، جب بھی پانی کا راستہ روکا جائے گا نقصان ہوگا۔

عمران خان نے تقریب میں بلاول بھٹو کی نقل اتاری، بارش آتا ہے تو پانی زیادہ آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دس ارب درخت لگائیں گے، سندھ کے نوجوان تیار ہوجائیں، وعدہ کرتا ہوں ڈاکو زرداری کو شکست دینی ہے، زرداری نے سندھ میں ظلم کا نظام بنایا ہوا، زرداری کو پیسہ بنانے کی بیماری ہے، یہ سندھ کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتا ہے، اندرون سندھ زرداری مافیا کی چوری کی وجہ سے پیچھے رہ گیا، حلیم عادل شیخ پر ظلم کیا جارہا ہے، زرداری فکر نہ کرو تمہارا وقت آنے والا ہے، سندھ کے نوجوان میری ٹیم بنیں زرداری کو شکست دیں گے، آصف زرداری فکر نہ کریں ان کا وقت آنے والا ہے۔
 

Advertisement