چشتیاں: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) والوں جتنی مرضی کوشش کر لو یہ ملک اور فوج بھی میری ہے۔ اب نیا پلان بن رہا ہے، پتا چلا ہے ہماری پنجاب حکومت کو گرانے کی ایک اور سازش ہو رہی ہے، ہمارے ایم پی ایز کو کروڑوں کی آفر اور مسٹر ایکس، مسٹر وائی ساتھ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت گرانے کی سازش کا مطلب نواز شریف واپس آ سکے۔
چشتیاں میں پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کوسلام پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ ن کا گڑھ چشتیاں نہیں لندن ہے، یہ پاکستان سے پیسہ چوری کر کے باہربھیجتے ہیں، ان کا سارا خاندان لندن میں ہے یہ کمائی کرنے پاکستان آتے ہیں۔ جب تک ملک میں انصاف قائم نہیں کریں گے خوشحال نہیں ہو سکتے، کفر کا نظام چل سکتا ناانصافی اور ظلم کا نظام کبھی نہیں چل سکتا، یہ وجہ ہے پاکستان اتنے وسائل کے باوجود ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے، بڑے ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائےانہیں وزیر بنا دیا جاتا ہے، پرویز مشرف نے مجھے آزاد عدلیہ کے لیے جیل میں ڈالا، جیل میں کوئی بڑا ڈاکو نظر نہیں آیا، چھوٹے چھوٹے چورتھے، جب اسمبلی گیا تو بڑے، بڑے ڈاکو وہاں بیٹھے تھے، ہمارے نبیﷺ دنیا کے عظیم لیڈرتھے، یہ لوگ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہبازنے عدالت میں کہا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کیس ختم کیا جائے، شہباز شریف، حمزہ شہباز نے 16 ارب اپنے نوکروں کے نام پر منگوائے، دونوں باپ بیٹے کو اس کیس میں سزا ہونے والی تھی، چیری بلاسم کو بیرونی سازش کے تحت ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا، شہباز شریف کیس کے چار گواہان کو ہارٹ اٹیک ہوئے، کیس میں اب تک 5 لوگ مرچکے ہیں، ایسے شخص کو ملک کا چور دروازے سے وزیراعظم بنایا گیا، اس کا بڑا بھائی بھگوڑا لندن میں بیٹھ کر لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے کے احکامات دے رہا ہے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر فیصلہ کررہا ہے کونسا اگلا آرمی چیف ہوگا۔ شہباز شریف کو امپورٹ کرکے مسلط کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں طاقتور کو نا پکڑا جائے وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، قرآن میں اللہ کا حکم ہے اچھائی کا ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہونا ہے، نوجوانوں کو کہتا ہوں تحریک انصاف کے امیدوار کو جتوانا ہے، آپ نے الیکشن میں اچھائی کا ساتھ دینا ہے برائی کا نہیں۔ یہ سب تحریک انصاف کی مقبولیت سے ڈرے ہوئے ہیں، انہوں نے میرے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا، نعرے مدینہ منورہ میں اورت وہین مذہب کا مقدمہ میرے خلاف درج کر لیا گیا، الیکشن کمشنر ان کا پالتو ان کے ساتھ ہے، پاکستان کی ساری باشعورعوام ان چوروں کے خلاف آج میرے ساتھ کھڑی ہے، بہاولپورمیں بہت بڑا مونچھوں والا لوٹا ہے، بڑے مونچھوں والے لوٹے کوخود کمپین کرکے ہراؤں گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب یہ کوشش کر رہے ہیں کسی طرح اداروں کو تحریک انصاف کے خلاف کیا جائے، بے شرموں تم لوگوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا ہوا ہے، دنیا کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا انہوں نے ججز کو بریف کیس دے کر خریدا، انہوں نے ایماندار جسٹس سجاد علی شاہ کو ہٹایا تھا، ہم پاکستان کی عدلیہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، ان کی کوشش ہے مجھے فوج کے ساتھ لڑایا جائے، مسلم لیگ (ن) والوں جتنی مرضی کوشش کر لو یہ ملک اور فوج بھی میری ہے۔ نوازشریف، زرداری نے فوج کو انڈر مائن کرنے کی کوشش کی، ایک دوسرے کو چورکہنے والے آج ایک ہو گئے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چوردروازے سے آنے والے کووزیراعظم بنایا گیا، چشتیاں کی تاریخ میں اتنا بڑا جلسہ کبھی نہیں ہوا، مجھے کہہ رہے ہیں سیاست نہ کرو، سیلاب کے لیے کام کرو، سیلاب متاثرین کے لیے سب سے زیادہ کام کروں گا، سیلاب متاثرین کی مدد کے ساتھ حقیقی آزادی کی تحریک بھی چلاؤں گا، میری مقبولیت کو دیکھ کر کل یوٹیوب کو بھی بند کر دیا گیا، ان کے بیرونی آقا ان کو لیکر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیا انکشاف کررہا ہوں، مجھے معلوم ہوا اب نیا پلان بن رہا ہے، پتا چلا ہے ہماری پنجاب حکومت کو گرانے کی ایک اور سازش ہو رہی ہے، ہمارے ایم پی ایز کو کروڑوں کی آفر اور مسٹر ایکس، مسٹر وائی ساتھ دھمکیاں دے رہے ہیں، میں ان سے پوچھتا ہوں کیا تمہیں اپنے ملک کی فکر ہے؟ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو کمزورکرنے کی کوشش کررہے ہو، صحافیوں کوڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، چینلز کو کہا جا رہا ہے کہ میرے جلسے کونہیں دکھانا، یہ ہماری جماعت کو کمزورکرنے کی کوشش کررہے ہیں، میرا تمہیں چیلنج ہے جومرضی کرلوتمہیں شکست ہوگی۔ پنجاب حکومت گرانے کی سازش کا مطلب لندن کا بھگوڑا واپس آ سکے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 4 ماہ میں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، چار ماہ کے دوران روپیہ تیزی سے نیچے جا رہا ہے، کسانوں کا بُرا حال ہے، بجلی، ڈیزل مہنگا کر دیا گیا، مجھے ڈر ہے کسانوں کا جو حال ہے، سردیوں میں کہیں اناج کا مسئلہ نہ ہو جائے، ان حالات میں پنجاب میں حکومت گرانے کی سازشیں چل رہی ہیں، جوکچھ بھی ہو رہا ہے قوم کو تباہی کی طرف لیکر جائیں گے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پاکستان سری لنکا کی طرف جارہا ہے، ہمارے دورمیں بجلی 18 روپے فی یونٹ آج 55 روپے تک چلا گیا ہے، چوروں کو مسلط کیا گیا اور معاشی حالات خراب ہو رہے ہیں، نوازشریف وعدہ ہے جلد واپس آؤایسا استقبال کریں گے کسی کا ایسا استقبال نہیں ہوا ہوگا۔
زرداری، نواز اپنی حرکتیں بند کر دو ورنہ تمہارے پول کھول دوں گا : اعجاز الحق
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر اعجازالحق نے کہا کہ جلسے کا منظردیکھ کرلگ رہا ہے تحریک انصاف ہی جیتے گی، عمران خان نے عوام کوریلیف دینے کے لیے دن رات محنت کی، پی ٹی آئی چیئر مین نے پناہ گاہیں،احساس کیش پروگرام شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کوسستا تیل دلانے کے لیے روس کا دورہ کیا، سابق وزیراعظم روس اپنے لیے نہیں گئے تھے، زرداری، نوازشریف اپنی حرکتیں بند کر دو ورنہ تمہارے ایسے پول کھولوں گا تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
ملک پر امپورٹڈ حکومت مسلط کرنے والوں کا مقابلہ کروں گا: عمران خان
اس سے قبل چشتیاں میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب تھا،نوجوان مدینے کی ریاست کا مطالعہ کریں، ملک میں قانون، انصاف نہیں بڑے، بڑے مجرم اقتدارمیں بیٹھے ہیں،جب تک مجرم اوپر بیٹھے ہیں ملک کیسے بدلے گا،ہمیں اپنے حالات کو خود بدلنا ہو گا، جو لوگ پیسے لیکر یا خوف کی وجہ سے ضمیر بیچتے ہیں میری نظرمیں یہ شرک ہے، ہمیں اپنے نبی ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پرچلنا چاہیے،مدینہ کی ریاست والے نبی ﷺ کی سنت کے مطابق چلے،مدینہ کی ریاست نے پوری دنیا پرامامت کی،افسوس سے کہتا ہوں ہم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پرنہیں چل رہے۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال ملک لوٹنے والے بیرونی سازش کے تحت چور دروازے سے اقتدارمیں آئے، نواز شریف سزا یافتہ اور عدالتی مفرور ہیں، زرداری کی کرپشن پر عالمی سطح پر کتابیں لکھی گئیں، کیا یہ چور ہمارے مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور ہم چپ کر کے بیٹھ جائیں، شہباز گل پر جیل میں ٹارچر کیا گیا، میں نے کہا جس نے شہباز گل پر ٹارچر کیا ان کو کٹہرے میں لائیں، میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کردیا گیا،ہم ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، قانون کی بالادستی کے لیے وکلا کا بھی امتحان ہے، اللہ نے انسان کودنیا میں انصاف کے لیے بھیجا ہے،یہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوراستے ہوتے ہیں ایک راہ حق، دوسرا تباہی کا ہوتا ہے، لوگوں کو خرید کر ان لوگوں نے ہماری حکومت گرائی ملک پر امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا جو بھی ان کے پیچھے ہیں اور جب تک زندگی ہے مقابلہ کروں گا، آزاد عدلیہ کی بحالی کے لیے جیل کاٹی، یہ مجھے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں یہ چھوٹی چیز جان بھی دینے کو تیارہوں، باہرکی ڈکٹٹیشن سے ہم نے آزاد ہونا ہے، جس ملک میں طاقتور اور غریب کے لیے یکساں قانون نہ ہو تباہ ہو جاتے ہیں، ڈیزل بھی ان کے ساتھ شامل ہے، چارماہ پہلے ملک ترقی کر رہا تھا ، اب تباہ ہورہا ہے کون ذمہ دارہے؟ اب یہ کوشش کررہے ہیں کہ کسی نہ کسی طریقے سے مجھے ڈس کوالیفائی کیا جائے، چشتیاں کے وکلا کوکہتا ہوں میری کال کا انتظارکریں۔