دورہ پاکستان میں عالمی برادری سے بڑی امداد کی اپیل کروں گا: انتونیو گوتریش

Published On 07 September,2022 05:21 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہاکہ اپنے دورہ کے دوران عالمی برادری سے پاکستان کے لئے بڑے پیمانے پر امداد کی اپیل کروں گا۔

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے اور وہ پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر مدد کی اپیل کرنے کے لیے پاکستان جارہے ہیں کیونکہ اس وقت پاکستان کو عالمی برادری کی طرف سے بھرپور امداد کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وہ بین الا قوامی برادری سے پاکستان کے متاثرہ سیلاب افراد کے لئے فوری امداد کی اپیل کررہے ہیں ۔ اس وقت یوکرین جنگ پر زیادہ تو جہ دی جارہی ہے کیونکہ لوگ بھول گئے ہیں اصل جنگ توموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی ہے، پاکستان، چاڈ، اور قرن افریقہ، جہاں خشک سالی قحط کا باعث بن رہی ہے وہاں اس وقت سب سے بڑاخطرہ جس سے نمٹنے کی ضرورت ہے وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہیں۔

انتونیو گوتریش نے کہا کہ جو صورتحال آج پاکستان کو درپیش ہے کل کسی اور ملک کو اس سے بھی مشکل حالات کا سامنا ہوسکتا ہے۔موسمیاتی تبدیلیاں اس دور کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور اس کو عام مسئلہ سمجھ کر عام انداز سے حل کرنے کی سوچ محض خود کشی ہو گی۔
 

 
Advertisement