شیخوپورہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نئی آڈیو منظر عام پر آنے والی ہے۔
شیخوپورہ میں ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نئی آڈیو آنے والی ہے، جس میں عمران خان انکشاف کرتا ہے کہ اس نے پاکستان کو کتنا پیچھے دھکیل دیا، نئی آڈیو میں یہ بار بار نومبر کا زکر کرتا ہے، یہ سلطان راہی بننے کی کوشش کر رہا ہے، فواد چوہدری کہتا ہے کسی کے باپ میں ہمت ہے تو عمران کو گرفتار کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال کر کے سیلاب فنڈ اپنے جلسوں پر لگا رہاہے، اداروں کاللکار کر اپنے فیصلے التواء کروائے گا توعوام برداشت نہیں کرے گی، اگر پاپولر لیڈر کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی تو ذوالفقار بھٹو واپس کروخ ایک حل دے رہا ہوں، عمران خان کے غیرآئینی کاموں سے لے کر تمام کاموں پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے، پارلیمانی کمیشن میں پی ٹی آئی کے لوگ بھی شامل کیے جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار جیسے لوگوں کے زریعے پاکستان کے خلاف سازش کی گئی۔ نوازشریف کو نااہل کیا تو میرے لیڈر نے آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا۔ گھڑی چور عمران خان حالات کو کس طرف لے جارہا ہے، نواز شریف نے کبھی نہیں کہا کہ بل جلا دو، عمران خان نے صرف آئینی اداروں کو نہیں للکارا، جب تک ان کے پیچھے چھپے چہرے کو بے نقاب نہیں کیا جاتا تو یہ مزید بولتا رہے گا۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو انبیاءؑ کی تعداد کا ہی نہیں پتا، اس کی گرفتاری کا مطالبہ نہیں کرتے، عمران خان کے تمام کیسز کا فیصلہ فورا ہونا چاہیے۔