اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد پولیس نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جےآئی ٹی) کےسامنے پیش ہونے کے لیے ایک اور نوٹس بھجوا دیا۔
پولیس کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان آج شام 5 بجے تھانہ مارگلہ میں جے آئی ٹی میں پیش ہوں، گزشتہ روز بھی نوٹس بھجوایا گیا تھا لیکن آپ پیش نہ ہوئے۔
نوٹس کے مطابق آپ 12 ستمبرتک ضمانت پر ہیں لہذا آج پیش ہو کر تفتیشی ٹیم کو سوالات کے جوابات دیں، عمران خان کے چیف سکیورٹی افسر سے ایس پی راجہ طاہر کے ذریعے نوٹس کی تعمیل کرائی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی عمران خان کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے دن 3 بجے تھانہ مارگلہ میں طلب کیا تھا تاہم عمران خان پیش نہ ہوئے۔