گرفتار کرنے کی کوشش ہو رہی، جیل گیا تو اور خطرناک ہو جاؤں گا: عمران خان

Published On 08 September,2022 04:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت بہت دیر سے مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق کیس میں چیئرمیین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتنی پولیس زندگی میں نہیں دیکھی، ایسا لگ رہا تھا جیسے کلبھوشن عدالت آ رہا ہو۔

صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ عدالت میں ججز کے سامنے معافی مانگیں گے جس پر انہوں نے کہا کہ آپ سے این او سی لوں گا، آپ کا کافی تجربہ ہے۔

گرفتاری سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ حکومت بہت دیر سے مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اگر میں جیل گیا تو اور زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا۔ باقی باتیں بعد میں کریں گے، ایسا نہ ہو کہ ججز کو پریشانی ہو، مجھے تو عدالت آتے آتے بھی 15 منٹ لگ گئے۔

عدالتی سماعت کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں کسی کے خلاف سیاسی کیس یا گرفتاریاں نہیں کیں، کچھ کیس تھے جنکا بعد میں پتہ چلتا تھا ایسا ہوا ہے، میں نے اپنے دور میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی، کچھ وضاحت کرنا چاہتا تھا،ہر بات کا تناظر ہوتا ہے کس تناظر میں بات کی گئی،مجھے موقع نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں کہ ملک کس طرف جا رہا ہے جو مرضی کر لیں الیکشن کے بغیر حالات صحیح نہیں ہونگے۔

 

Advertisement