اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی طرح ہماری تحریک بھی آخری مراحل میں داخل ہوچکی۔کل سے عمران خان سے یکجہتی کیلئے ملک گیر احتجاج شروع کیا جائے گا۔
پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے،مائنس ون کا ایک فارمولا چلایا جارہاہے، پاکستان میں سیاسی حالات پہلے ہی بہت مشکلات کا شکارہیں،عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، ملک کوانتخاب سے دورکیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین عمران خان کوٹیکنکل ناک آؤٹ کی طرف لیکرجانا چاہتے ہیں،عمران خان سے یکجہتی کے لیے کل سے ملک گیر احتجاج شروع کیا جائے گا، پی ٹی آئی چیئر مین کو نا اہل کریں گے تو پھر کیا جمہوریت برقرار رہے گی؟ اگرعمران خان کوسیاست سے مائنس کیا گیا توپاکستان بنانا ری پبلک بن جائے گا،کل عمران خان اب اپنے حتمی مرحلے کا اعلان کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج عمران خان سے یکجہتی کے لیے ہو گا، پاکستان میں بیلٹ کا فیصلہ بند کمرے نہیں عوام نے کرنا ہے،شہبازشریف کے سیکیورٹی سٹاف کی صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کی مذمت کرتا ہوں،عمران خان کل گوجرانوالہ میں تحریک کےاگلے لائحہ عمل سے آگاہ کرینگے۔ ہمارے ایم پی ایز کو وفاداریاں تبدیل کرنے کا کہا جا رہا ہے، پنجاب حکومت بدلنے سے پہلے امید ہے ہم وفاقی حکومت بدلنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ایشیا کپ کی طرح ہماری تحریک بھی آخری مراحل میں داخل ہوچکی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف تحریک چلانے جا رہے ہیں، یہ حکومت عمران خان کو باہر کر کے انتخابات کرانا چاہتی ہے،الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز انتخابات ملتوی کر کے غلط فیصلہ کیا،موجودہ حکومت انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتی، سنیئرقیادت نے عمران خان پراعتماد کا اظہارکیا،غیرقانونی اورعوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت عمران خان کوباہرکرنا چاہتی ہے۔