اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم کا توہین ای سی پی کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا، چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے جواب میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار اور نوٹس کو چیلنج کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے جواب کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے عمران خان کو 27 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی کوئی توہین نہیں کی، عمران خان نے اپنے بیانات میں صرف الیکشن کمیشن کے کردار پر خدشات کا اظہار کیا، ای سی پی کے پاس توہین کے مقدمات سننے کا اختیار ہے نہ ہی سیکرٹری الیکشن کمیشن نوٹس بھجوا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کا نوٹس آئین کی خلاف ورزی ہے، اس لیے اسے واپس لیا جائے۔