عمران خان نئے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنا رہے ہیں: خواجہ آصف

Published On 13 September,2022 09:06 am

اسلام آباد (دنیا نیوز) نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بارے میں عمران خان کے بیان پر وزیر دفاع خواجہ آصف کا رد عمل سامنے آیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر بات قبل از وقت ہے، عمران خان باقاعدہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اس کو متنازع بنا رہے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی اپنا آرمی چیف لگانے کی حسرت پوری نہیں ہو سکی اب یہ حکومت کا حق ہے اور حکومت اسے پورا کرے گی، ابھی نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل شروع نہیں ہوا تاہم یہ تعیناتی آئین کے مطابق کی جائے گی۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ایسا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں جو انکے غیر قانونی کاموں کو تسلیم کرے، ذہنی طور پر عمران خان آج بھی امریکا کی سپورٹ چاہتے ہیں، یہ کیسی بیرونی سازش ہے کہ بنی گالہ میں ملاقاتیں ہورہی ہیں۔ 

عمران نیازی غیر سنجیدہ شخص، پہلے گالیاں دیتے پھر پاؤں پڑتے ہیں: سعد رفیق

 وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے جعلی چورن بیچ کر جہاں جہاں تھوکا اب وہاں وہاں سے چاٹ رہا ہے، اس کے پیچھے لگے ہوئے لوگوں سے ہمیں ہمدردی ہے صیہونی کا داماد وہ ہے ہم نہیں، ٹرین آپریشن مکمل بحال ہونے میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں ،تاہم فریٹ آپریشن 8 سے 10 روز میں مکمل بحال ہوجائےگا۔

روہڑی ریلوے سٹیشن پر سیلاب سے متاثرہ ٹریک کا معائنہ کرنے کے لئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان غیر سنجیدہ آدمی ہے اس لیے اس کے پیچھے لگے لوگوں سے ہمیں ہمدردی ہے،کسی عدالتی فیصلے پرتبصرہ نہیں کروں گا مگر ریاست کو سب کے لیے ایک رویہ رکھنا ہوگا، بچہ جمہورہ کے لیے الگ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے الگ رویہ قبول نہیں ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ٹرین آپریشن کی معطلی سے ریلوے کو یومیہ 15 سے 16 کروڑ روپے نقصان ہو رہا ہے ہمیں ویسے ہی جب ریلوے ملی تو 12 سے 13 روپے خسارے میں تھی اسے بہتر بنانے کی کوشش ہی کی تھی کہ اچانک سیلاب آگیا مگر اس کے باوجود اس کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوں تو ریلوے نے بڑے بحران دیکھے ہیں مگر اس طرح کا بحران پہلے نہیں دیکھا اس میں ہم لوگوں کی جان کا خطرہ مول لینا نہیں چاہتے فریٹ ٹرین اور روہڑی تا پشاور بڑی مشکل سے آپریشن شروع کیا ہے تاہم ایم ایل ون کا ایریا بڑا متاثر ہے دورہ کرنے جا رہے ہیں وہیں جو مناسب ہوگا فیصلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون پرافواج پاکستان اور صوبائی حکومت کے تعاون کے ساتھ اس کی بحالی کی کوششیں کر رہے ہیں، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان میں بڑا نقصان ہوا ہے، سیلاب متاثرین کا ریسکیو آپریشن مکمل ہونے والا ہے، اربوں ڈالر کا نقصان ہواہے جس سے نمٹنے کے لیے قومی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے خدمت کے جذبے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے وسائل پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت جلد متاثرین کے لیے فلڈ ریلیف مہم شروع کرے گی اور جلد سیکڑوں امدادی سامان سے بھرے ٹرک متاثرہ علاقوں میں بھیجے جائیں گے، ہم۔ریلوے کو 2013 میں 18 ارب روپے منافع پر لائےتھے اور جب گئے 54 ارب روپے منافع پر چھوڑ گئے لیکن چار سال میں اس کا جو حشر ہوا وہ سب کے سامنے ہے ایم ایل ون گراؤنڈ پر گذشتہ چار سالوں میں کوئی کام نہیں ہوا ریلوے سائنس ہے اسلیے اس ادارے کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا ہم نے 2013 میں سنجیدگی سے لیا اور اسے منافع بخش بنا کر دکھایا تھا۔

نیازی کا حقیقی مسئلہ ذاتی انا اور اقتدار کی ہوس ہے: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا حقیقی مسئلہ ذاتی انا، تکبر اور اقتدار کی ہوس ہے، یہ دھونس،دھمکی اور گالی سے این آر او مانگ رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی حقیقی آزادی نہیں اپنی کرپشن چھپانا چاہتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو سیلاب میں ڈوبا ملک اور لوگ نظر نہیں آ رہے، ان کا مقصد کوئی الیکشن نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کرانا ہیں، بیرونی سازش؟، حقیقی آزادی؟، الیکشن کمشنر؟، کرپشن کا این آر او؟ چیئرمین پی ٹی آئی فیصلہ کریں آپ کا مسئلہ کیا ہے؟، وہ بیرون ملک سازش نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کی حقیقی سازش سے این آر اور چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان بیمار، شکست خوردہ ذہنیت اور کرپٹ انسان ہے، فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے لئے این آر اور مانگ رہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف امریکہ کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور چھپ چھپ کر ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب بتائیں الیکشن کمشنر نے آخری کیا گناہ کیا ہے؟ 8 سال سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ ہی تو سنایا ہے، آپ نے الیکشن کمشنر سے کس چیز کی گارنٹی لی تھی؟۔