سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں، بجلی بحالی کا کام جاری، ایم 8 کے آپریشنل سیکشنز بحال

Published On 13 September,2022 10:31 am

اسلام آباد(دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں اور بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں جاری ہے، گوادر تا رتوڈیرو موٹروے ایم 8 کے آپریشنل سیکشنز ٹریفک کیلئے بحال کر دئیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم بحالی کے کاموں کو خود سے مانیٹر کر رہے ہیں، اس حوالے سے انھیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے، رپورٹ کے مطابق ایم 8 وانگو ہلز کے مقام سے لینڈ سلائڈنگ کلیئر کر دی گئی ہے جبکہ ایم 8 موٹروے بحال ہونے سے گوادر، آواران، خضدار اور رتوڈیرو کیلئے ٹریفک بحال ہوگئی ہے۔

ایم 8 موٹروے سیکشن کو مسافروں کی آسانی کیلئے فی الحال یکطرفہ کھولا گیا ہے، تیمر گرہ، باجوڑ132 کے وی ٹرانسمیشن لائن اور باجوڑ اور منڈا گرڈ سٹیشنز پر معمول کے آپریشنز، بھان سعیدآباد کو متبادل ذریعہ سے بجلی سپلائی کی جا رہی ہے۔

وارا کے قصبے کو قمبر گرڈ سٹیشن سے بجلی سپلائی دی جارہی ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پاور ڈویژن بحالی کے کاموں پر دن رات معمور ہیں۔
 

Advertisement