خیرپور: (دنیا نیوز) خیرپور میں گیسٹرو کی وباء تھم نہ سکی، 24 گھنٹوں کے دوران مزید چار بچے دم توڑ گئے، ضلع بھر میں اب تک 21 سے زائد بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خیرپور ضلع بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد گیسٹرو کی وباء بچوں کے ساتھ بڑوں میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران دو بچیوں سمیت 4 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
سٹی ہسپتال میں چار سالہ ارشاد دم توڑ گیا، تحصیل نارا میں ایک بچہ اور بچی دم توڑ گئی، جبکہ تحصیل ٹھری میرواہ میں 9 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا ہے، تاہم سٹی ہسپتال خیرپور، سول ہسپتال خیرپور سمیت متعدد ہسپتالوں میں 280 سے زائد بچے تاحال داخل ہیں۔
ہسپتالوں میں رش ہونے کے باعث ایک بیڈ پر تین سے چار بچوں کو داخل کیا جارہا ہے، ورثاء کا کہنا ہے ہسپتالوں میں ادویات کا بھی فقدان ہے، صفائی ستھرائی بھی نہیں ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز نہ ہونے کے باعث بچوں کی جانیں جارہی ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے انتظامات کو بہتر کیا جائے۔