سیلاب نے صوبے میں بہت نقصان کیا، کوشش ہے جلد مشکلات ختم ہوں: عبدالقدوس بزنجو

Published On 16 September,2022 04:32 pm

آواران: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیلاب نے بلوچستان میں بہت نقصان کیا، کوشش ہے صوبے کی عوام کی مشکلات جلد ختم ہوں۔ سیلاب ہو زلزلہ یا امن امان کا مسئلہ ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج نے بھرپور مدد کی۔

آواران کے دورے کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنے اداروں کا احترام کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آوران کا نہیں پورے بلوچستان کا خدمتگار ہوں ۔آج اپنے اس علاقے میں ہوں جہاں چند سال قبل حالات انتہائی خراب تھے۔ عبدلقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ امن وامان کی خراب صورتحال نے ہمیں کئی سال پیچھے دھکیل دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں گرلزکیڈٹ کالج بنائیں گے یہ خواب شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کاتھا۔گرلز کیڈٹ کالج کا افتتاح شہید کی فیملی سے کرائیں گے۔ کسی کے انفرادی عمل پر پورے ادارے پر تنقید کرنا مناسب نہیں ۔ملک کی حفاظت اور سلامتی میں افواج پاکستان کا اہم کردار رہا ہےاسمبلی میں آج کوئی اپوزیشن نہیں۔ سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سیلاب ہمارے لئے کڑا امتحان ہے ۔پورے صوبے میں نقصانات بہت زیادہ ہوئے ہیں ۔سیلاب متاثرین کی بحالی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ تنقید کرنے والے کرتے رہیں اس کی پرواہ نہیں۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ خود جاؤں یا نہ جاؤں اصل مقصد عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔میرے جانے سے پوری انتظامیہ پرٹوکول میں لگ جاتی ہے۔آوران میں تعلیم صحت کی سہولیات ہماری ترجیحات ہیں۔وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے آواران کے لئے صحت تعلیم اور بجلی منصوبوں کا اعلان بھی کیا گیا۔
 

Advertisement