گینگ آف تھری الیکشن نہیں روک سکتے، پی ڈی ایم سیاست بچاؤ مہم پر ہے: شیخ رشید

Published On 17 September,2022 11:31 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گینگ آف تھری زرداری، نواز، فضل الرحمن الیکشن نہیں روک سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کرپشن بچاؤ کے بعد سیاست بچاؤ مہم پر ہے، 6 ماہ میں معیشت نہیں سدھری، برآمدات نہیں بڑھیں، مہنگائی اور ڈالر نہیں رکا۔

سابق وزیر داخلہ نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اقتصادی صورت حال نازک ہو گئی ہے، مزید ڈیڑھ کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے۔ باہر سے کوئی امداد آئی، نہ انہیں اندر سے مدد ملی۔

ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں MQM کو کوئی لاش نہیں ملی، 2 وزارتیں ہم نے دیں 2 انھوں نےدیں ساتھ انکو کراچی سے فارغ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آصف زرداری بے شک لاہور بیٹھیں، الٹی گنتی شروع ہو چکی، عمران خان اگلی انتخابی مہم سندھ سے شروع کرے گا، سمرقند میں بلاول کا چہرہ پڑھا جاسکتا ہے، پنجاب کی حکومت گرانے والے مرکز کی فکر کریں، آٹا اور پیٹرول نایاب ہے۔
 

Advertisement