نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77 واں اجلاس آج سے شروع ہوگا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیویارک پہنچ گئے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نیویارک میں قونصل جنرل عائشہ علی اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن اور قونصلیٹ جنرل کے حکام نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد اتوار کی صبح واشنگٹن پہنچے تھے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جی 77 اور چین کے وزرا خارجہ کےسالانہ اجلاس اور او آئی سی وزراخارجہ کے سالانہ کوارڈینیشن اجلاس کی صدارت کے ساتھ ساتھ کئی اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت، متعدد ممالک کے وزرا خارجہ سے ملاقاتیں ، تھنک ٹینک سے خطاب اور او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔