اسلام آباد: (دنیا نیوز) خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کی عدالت پیشی سے متعلق سرکلر جاری کر دیا ہے۔
سرکلر کےمطابق لارجر بینچ کل 22 ستمبر دوپہر اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا، کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہوگی، عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کمرہ عدالت میں موجود رہ سکیں گے، اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاء افسران کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ 3 عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی، پندرہ کورٹ رپورٹرز، ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ، پانچ وکلاء کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے انتظامیہ کو سکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔