کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں ٹیکس وصولی کے معاملے پر سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے عدالت کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دن دیکھا اور نہ رات دیکھا بس اس شہر کے لیے کام کیا، جس بلدیہ عظمی کے لیے کہا گیا اس کے پاس اختیارات نہیں اسی نے کام کیا لیکن میری پذیرائی نہیں کی گئی۔
سندھ حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کے ایم سی ٹیکس کے پیسے میری جیب میں نہیں، کے ایم سی کے اکاؤنٹس میں آتے، کے الیکٹرک کے پاس رقم آنے کا چیک اینڈ بیلنس بہت اچھا ہے، 100 روپے بھی ادھر سے ادھر نہیں ہوتے اسی لیے یہ ٹیکس جمع کرنے کا ٹھیکا پرائیوٹ کرنے کے بجائے کے الیکٹرک کو دیا اور انہیں بہت مشکل سے راضی کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں کے ایم سی کی 16 کروڑ روپے کی آمدنی بڑھا کر تین ارب سے زائد کررہا تھا لیکن کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ اس شہر کے لوگوں کے پاس پیسے ہوں، اس شہر میں ترقیاتی کام ہو۔