راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان جتنا جلدی کال دیں گے اتنا جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم عمران خان کی کال کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ چور اور لٹیروں نے غریبوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، پاکستان اس وقت مسائلستان بن گیا ہے، ہماری کسی سے لڑائی نہیں ہے، جب ڈیل ہوتی ہے تو چور وزیر اعظم کے جہاز میں واپس آتے ہیں، لوگوں کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں، چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے اور چولہے بجھ گئے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان جتنی جلدی کال دیں اتنا ہی جلدی ان کے حق میں فیصلہ ہو گا، کہتے ہیں موڈیز کو سمجھائیں گے کہ ریٹنگ کیسے کم ہوئی، وفاقی حکومت کنٹینر لگا کر کیا کر رہی ہے؟ اور الیکشن میں تاخیر کر کے یہ لوگ کیا کریں گے؟ نواز شریف کو واپس لے کر آئیں لوگ تو وزیر اعظم کے جہاز میں آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور ادارے عظیم ہیں جبکہ اداروں سے درخواست ہے کہ ان لوگوں کو بٹھائیں اور الیکشن کا وقت دیں، اگر رانا ثنا اللہ نے لوگوں پر ڈرون حملہ کیا تو کسی چیز کی ضمانت نہیں دے سکتے، نیب کے کیس میں 24 تاریخ کو جاؤں گا اور جب الیکشن کی بات ہو گی پی ٹی آئی کی تمام حکومتیں توڑی جائیں گی، وقت آنے پر ان 13 جماعتوں کو لگ پتا جائے گا۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک عدم استحکام کی جانب گامزن ہے، لوگ اغواء ہو رہے ہیں اور سٹرکوں پر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔
خاتم النبیین صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت قوم کومبارک ہواس سےزیادہ کیاعدم استحکام ہوگاجوآج ہےوزیراغواء کیےجارہےہیں۔کراچی میں لوگ سڑکوں پرخود فیصلے کر رہے ہیں،اسی کوخانہ جنگی کہتےہیں۔بھوک افلاس اوربےروزگاری کسی کی کال کاانتظار نہیں کرےگی15نومبرتک اب یاکبھی نہیں،آرپارہوجائےگا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 9, 2022
شیخ رشید احمد نے خاتم النبیین صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھوک افلاس اور بے روزگاری کسی کی کال کا انتظار نہیں کرے گی۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر لوگ اپنے فیصلے خود کر رہے ہیں، اسی کو خانہ جنگی کہتے ہیں۔