راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مایوسی ہو گی ڈیل کامیاب نہیں ہو گی، سابق وزیراعظم کی خواہش پر کوئی تقرری نہیں ہو گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 15 نومبر سے پہلے فیصلے ہو جائیں گے، قوم عمران خان کی کال کی منتظر ہے، لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں کوئی جانی نقصان ہوگیا توبھاگ نہیں پاؤ گے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ساری قوم عمران خان کی کال کی منتظر ہے، اہم دن ہوگا، لوگ پہاڑوں سے اتریں گے، 27 کلو میٹر پر حکومت کرنے والو، اگر کوئی جانی نقصان ہوگیا تو بھاگ نہیں پاؤ گے، سب کو کہتا ہوں ملبہ پولیس یا سکیورٹی فورسز پر نہیں کسی اور پر گرے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس سے بڑا کیا عدم اعتماد ہے کہ کراچی میں لوگ چوراہوں پر مارے جارہے ہیں، ہمارے شہر میں دہی کی دکانوں پر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے، پاکستان تاریخ کے تشویشناک وقت سے گزر رہا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں ڈرون سے بم گرائیں گے خدا کا خوف کرو، پولیس بھی ہماری اور ایف سی بھی پاکستان کی ہے، اسلام آباد میں کوئی جانی نقصان ہوا تو کون ذمہ دار ہوگا ؟