عمران خان کا آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے عدالت سے رجوع کا اعلان

Published On 10 October,2022 04:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آڈیو لیکس کی اصلیت کے تعین اور تحقیقات کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ آڈیو لیکس قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہیں کیونکہ وہ وزیراعظم کے دفتر اور گھر کی پوری سیکورٹی پر سوالیہ نشان ہیں۔ بحیثیت وزیر اعظم میری رہائش گاہ پر میری محفوظ لائن بھی بگ ہوگئی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین نے لکھا کہ ہم لیکس کی سچائی کو ثابت کرنے کے لیے عدالت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پھر اس کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دیں گے کہ کون سی انٹیلیجنس ایجنسی بگنگ کی ذمہ دار ہے اور کون آڈیو کو لیک کر رہا ہے جن میں سے بہت سی آڈیو لیکس کو کاٹا پیٹا گیا اور اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس لیے اہم ہے سکیورٹی کے حساس مسائل غیر قانونی طور پر ریکارڈ کیے گئے اور بعد میں ہیک کیے گئے، جس سے ملکی قومی سلامتی کی رازداری کو عالمی سطح پربے نقاب ہو کر رہ گئی ہے۔

Advertisement