این اے 157: ضمنی الیکشن، علی موسیٰ گیلانی اور مہر بانو میں کانٹے دار مقابلہ متوقع

Published On 11 October,2022 08:52 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے حلقہ این اے 157 میں ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو ہوگا جس میں پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسی گیلانی اور تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

ملتان میں تحریک انصاف کے وائس چئیر مین شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر این اے 157 کی نشست سے استعفی دے دیا تھا جس پر ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو ہوگا جس کیلئے 8 امیدوار میدان میں ہیں جن میں تحریک لبیک کے طاہر احمد بھی شامل ہیں۔

تاہم دلچسپ، سنسنی خیز، کانٹے دار مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسی گیلانی اور تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی کے مابین ہے جنہوں نے این اے 157 کا ضمنی الیکشن جیتنے کیلئے انتخابی مہم مزید تیز کر دی ہے۔

حلقے میں موروثی سیاست کے باعث گیلانی اور قریشی خاندان پرانے سیاسی حریف بھی ہیں اسی لیے مہر بانو قریشی کی انتخابی مہم شاہ محمود قریشی جبکہ علی موسی گیلانی کیلئے یوسف رضا گیلانی میدان میں ہیں لیکن بیٹی کی انتخابی مہم کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بیانیے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مہر بانو کا کردار قابل ستائش ہے جس سے حلقے میں خواتین کے مسائل کو اجاگر کر کے حل کرنے میں بھی کافی حد تک مدد ملے گی۔

این اے 157 کے ضمنی الیکشن میں 4 لاکھ 62 ہزار 205 ووٹرز 264 پولنگ سٹیشنز پر اپنا حق رائے دیہی استعمال کریں گے جن پر الیکشن کمشن نے سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر سکیورٹی کی ذمہ رینجرز اور پولیس کے سپرد کر دی ہے۔
 

Advertisement