اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے مقبوضہ کشمیر پر متنازع ریمارکس کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے بے بنیاد دعویٰ کیا کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو کسی طرح حل کر لیا ہے، بھارتی وزیراعظم کا بیان نہ صرف جھوٹ ظاہر کرتا ہے بلکہ بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق سے غافل بھی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، کشمیر تنازع 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے، اقوام متحدہ کی غیر جانبدارانہ و آزادانہ استصواب رائے کی واضع قراردادوں کے باوجود بھارت نے کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔
بھارت 9 لاکھ قابض فوج کے ہمراہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھیانک کاروائیوں میں ملوث ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو حق رائے دہی دینے میں مضمر ہے۔