اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس قومی اسمبلی میں جمع کروا دیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے دائر ریفرنس میں موقف اپنایا گیا کہ آصف زرداری نے قانون میں نرمی کر کے تین قیمتی گاڑیاں خریدیں۔
سابق صدر آصف زرداری کیخلاف ریفرنس زلفی بخاری اور افتخار درانی نے جمع کرایا، سپیکرقومی اسمبلی کے آفس میں جمع کرائے گئے ریفرنس میں کہا گیا کہ سابق صدرآصف زرداری نے تو شہ خانہ سے خلاف قانون گاڑیاں حاصل کیں۔
میڈیا سے گفتگو میں افتخاردرانی نے کہا کہ تمام حقیقت عوام کے سامنے لے آئے ہیں، سپیکرقومی اسمبلی آصف زرداری کو نا اہل کریں، زلفی بخاری نے کہا کہ آصف زرداری نے تین قیمتی گاڑیاں خریدیں، قانون میں نرمی کی، تحائف میں ملنے والی گاڑیاں خریدی نہیں جا سکتیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کو لیکرعمران خان پرانگلیاں اٹھاتے ہیں، عمران خان نے قانون میں رہ کر چیزیں خریدیں۔