لاہور: (لیاقت انصاری سے) مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف آئین اور قانون کے تحت کارروائی کریں گے۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ جو عہدہ مجھے ملا ہے یہ بہت مشکل ٹاسک ہے، وفاقی حکومت گرما گرمی کا ماحول بنا رہی ہے، گزشتہ دو ماہ میں پنجاب حکومت نے بڑا ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، ہم کوئی بڑھکیں مار رہے ہیں نہ ہی کوئی انتقامی کارروائی کر رہے ہیں، یہی فرق وفاقی اور پنجاب حکومت میں ہے، موجودہ کرپٹ ٹولہ عمران خان سے خوفزدہ ہے، اور روز صبح شام میرے لیڈر کے خلاف بیانات دیتے ہیں۔
لانگ مارچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ایک پُر امن احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، ہمارا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے، پر امن احتجاج کرنے والوں کے راستوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ اسلام آباد پاکستان کا حصہ ہے، اور ملکی عوام اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، آئینی حق میں رکاوٹ ڈالنا اور تشدد کرنا کسی صورت بھی قبول نہیں ہے، جو ریاستی مشینری قانون کو ہاتھ میں لیکر کارروائی کریں گے تو ان کے خلاف بطور صوبائی حکومت ہم اپنا کردار ادا کریں گے جیسا ہم نے 25 مئی میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی ہے۔
ایف آئی اے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے جب بھی کوئی کارروائی کرنا ہو تو سب سے پہلے صوبائی حکومت اور لوکل پولیس کو آگاہ کرنا ہوتا ہے، اور اس اطلاع کے بعد اجازت لیکر کوئی کارروائی کرنا ہوتی ہے، ایف آئی اے کے ساتھ قانون کے مطابق چلیں گے اور ہینڈل کریں گے۔