اسلام آباد: (دنیا نیوز) پمز ہسپتال کے چار رکنی میڈیکل بورڈ نے اعظم سواتی کو فٹ قراردے دیا۔ پی ٹی آئی رہنما کے طبی معائنے کی میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی۔
سینیٹر اعظم سواتی کا طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں اعظم سواتی کو میڈیکلی فٹ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اعظم سواتی جسمانی اورذہنی طورپرتندرست ہیں ۔ اعظم سواتی کے دل میں 3 سٹنٹ لگے ہوئے ہیں۔ اعظم سواتی عرصے سے بلڈ پریشر اور امراض قلب میں مبتلا تھے ، اعظم سواتی دل کے امراض کی ادویات لے رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ الٹراساؤند، ای سی جی اور ایکسرے کیے گئے۔ معائنہ کے دوران اعظم سواتی کا بلڈ پریشر اور دھڑکن ٹھیک تھی۔
اعظم سواتی کا 2016 میں انجوگرافی ہوا تھا۔اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اعظم سواتی کا طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔ اعظم سواتی کا میڈیکل پرچاررکنی بورڈ نے معائنہ کیا۔
پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی گرفتار، 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
متنازعہ ٹویٹ کرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کا پی ٹی آئی سینیٹر اعظم خان سواتی کی رہائش گاہ پر رات گئے چھاپہ، ایف آئی اے نے اعظم سواتی کو مقامی عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی نے اپنے ٹویٹس کے ذریعے جوانوں اور عوام میں آرمی چیف اور فوج کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی سوچی سمجھی کوشش کی جس پر اعظم سواتی کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
بعدازاں ایف آئی اے نے اعظم سواتی کو سینئر سول جج کی عدالت میں پیش کیا اور 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، پی ٹی آئی وکلاء نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی کو سیاسی بنیاد پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور بدترین تشدد کیا گیا ہے۔
عدالت نے اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا اور سینیٹر اعظم خان سواتی کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا کہ انہیں ایک ٹویٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا اور بدترین تشدد کیا گیا ہے۔