اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے چیف سیکریٹری و آئی جی کومراسلہ جاری کرتے ہوئے ان سے صوبائی اسمبلی پنجاب کے 3 اور قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں اتوار کو منعقد ہونے والے انتخابات کی سیکیورٹی،ووٹرز ، پولنگ عملے، امیدواران اور سیاسی جماعتوں کو پر امن ماحول فراہم کرنے اور صوبائی انتظامیہ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی پولرائزیشن اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو مزید چوکس و خبردار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ الیکشن کا شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔
مراسلہ چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ سنبل، آئی جی پنجاب فیصل شاہکار، چیف سیکریٹری سندھ سہیل راچپوت، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہزاد بنگش اور آئی جی خیبر پختون خوا معظم جاہ کے نام لکھا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پولنگ کے سامان کی تقسیم و دیگر انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔