ہمارے اکابرین نے برصغیر کی تمام اقوام اور مذاہب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا : فضل الرحمان

Published On 15 October,2022 05:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے اکابر ین نے برصغیر کی تمام اقوام اور مذاہب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ۔

ان خیالات کا اظہار امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر قائدین کو کانفرنس میں خوش آمدید کہتا ہوں ، اپنے اسلاف کے مشن اور نظریات کو زندہ رکھنا ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ ہماری نظر میں آفاقیت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابر ین نے برصغیر کی تمام اقوام اور مذاہب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ، مفتی محمود دوران طالب علمی میں بھی جیل گئے ۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ مفتی محمود ایک نظریہ تھا اور ہر حلقہ فکر میں معتبر تھے، مسلم لیگ اور اے این پی کے حلقوں میں ان کا احترام تھا ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قرار داد مقاصد متفقہ دستور ہے جو علامہ شبیر عثمانی نے پیش کی ۔ ہمارے آئین کا بنیادی ڈھانچہ ،آئین کا اساس اسلام ہے، دوسرا اساس جمہوریت، تیسرا اساس کہ نظام پارلیمانی ہوگا اور چوتھا اساس کہ ایک وفاق اور چار اکائیاں ہونگی ، ان بنیادوں پر ہمارا ملک کھڑا ہے ، پاکستان کا یہ آئین متفقہ ہے۔
 

Advertisement