اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتارکرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے تینوں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر کوئی شخص بھی پولنگ کے عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے تو اس کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق اس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
الیکشن کمشنر نے کہا ہے کی اگر کوئی سرکاری ملازم دھاندلی میں ملوث پایا جائے تو نہ صرف اس کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ اس کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سرکاری ملازم کے کیس کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ریفر کیا جائے تاکہ اس کے خلاف انضباطی کارروائی کی جا سکے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنےکے لیے آئیں۔