لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے وفاق کی جانب سے پنجاب کو گندم امپورٹ کی اجازت دینے سے انکار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف ن لیگ کو پنجاب سے نکالے جانے کا بدلہ عوام سے لینے کی سازش کر رہے ہیں، صوبے میں گندم کی قلت پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کے موجودہ سٹاک اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا اور یوریا، فاسفیٹ، گندم کے بیج اور درآمدی گندم پر سبسڈی کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا، وزیراعلیٰ نے سبسڈی کے لئے قابل عمل اور بہتر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران چودھری پرویز الٰہی نے وفاق کی طرف سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے خود ادائیگی کر کے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے کی اجازت طلب کی تھی، سندھ اور دیگرصوبوں کو وفاق کی طرف سے امپورٹ کردہ گندم فراہم کی جاچکی ہے، وفاق پہلے بھی گندم امپورٹ کرچکا ہے لیکن پنجاب کو شیئر نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ن لیگ کو پنجاب سے نکالنے کا بدلہ عوام سے لینے کی سازش کررہے ہیں، پنجاب میں گندم کی قلت پیدا کرنے کی مذموم کاوش کی جارہی ہے، پنجاب سے اسلام آباد کو بدستور 16 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب نے عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق گندم امپورٹ کی اجازت طلب کی۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کا پنجاب کے عوام کے بارے میں رویہ افسوسناک ہی نہیں، قابل مذمت بھی ہے۔