کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران ملیر میں پی ٹی آئی رہنما پر حملہ کیا گیا جس میں رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کے ہاتھ میں فریکچر آیا ہے اور انکی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملیر بکرا پیڑی میں پی پی ایم پی اے سلیم بلوچ کے ساتھیوں نے حملہ کیا، تشدد سے ایم پی اے بلال غفار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور ہاتھ میں بھی فریکچر آیا ہے۔
جمال صدیقی نے بتایا کہ بلال غفار ملیر بکرا پیڑی کے قریب پولنگ اسٹیشن کا معائنہ کرنے گئے تھے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو درجن سے زائد نے اینٹوں سے حملہ کیا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر تحریک انصاف کراچی بلال غفار پر ملیر میں حملہ ہوا ہے، بلال غفار کو ملیر غازی گوٹھ میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلال غفار کو قریبی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔