الیکشن نتائج جو بھی ہوں مکمل تسلیم کریں گے: غلام احمد بلور

Published On 16 October,2022 03:17 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور این اے 31 ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم کے امیدوار غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج جو بھی ہوں مکمل تسلیم کریں گے، ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے۔

پی ڈی ایم کے امیدوارغلام احمد بلور نے پشاور میونسپل انٹر گرلز کالج میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ الیکشن نتائج جو بھی ہوں مکمل تسلیم کریں گے، ہار جیت ایکشن کا حصہ ہے،صوبائی حکومت پی ٹی آئی کی ہے، پولنگ کا عملہ حکومت نے اپنا تعینات کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان ہر ایک حلقے سے الیکشن لڑ رہا ہے جو جی میں آتا ہے بول دیتا ہے، عمران خان تو پہلے بھی اسمبلیوں کا بائیکاٹ کرچکا ہے، اب بھی جیت کر اسمبلی نہیں جائے گا، صوبائی حکومت گڑ بڑ نا کرے تو تینوں نشستوں پر جیت پی ڈی ایم کی ہو گی۔

اے این پی رہنماء میاں افتخارکا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ کم ہی رہتا ہے، جمہوریت ہے الیکشن میں ہار جیت ہوتی ہے، صوبائی حکومت نے کوئی غلط طریقہ اپنایا تو لوگوں کو پتہ چل جائے گا، عمران خان نے تو جمہوریت کو لات مار دی ہے، لوگوں نے شعوری طور پر ووٹ استعمال کیا تو ووٹ پی ڈی ایم کو ملے گا۔
 

Advertisement