لاہور: (علی مصطفیٰ) پاکستان تحریک انصاف ضمنی الیکشن کے دوران خیبرپختونخوا میں اپنی تینوں سیٹیں جیتنے میں سرخرو ہو گئی۔
خیبرپختونخوا کے جن تین حلقوں میں الیکشن ہوئے ان میں مردان، چارسدہ اور پشاور شامل تھے۔
این اے 22مردان:
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 22 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مولانا محمد قاسم کو زیر کر لیا۔ فاتح امیدوار نے 76681 ووٹ لیے جبکہ رنر اپ امیدوار 68181 ووٹ لے سکے۔
یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی محمد خان نے 58577 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی اس وقت بھی متحدہ مجلس عمل کے امیدوار مولانا محمد قاسم 56318 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
این اے 24 چارسدہ:
دریں اثناء غیر حتمی اور غیر سرکاری نئاتج کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اے این پی کو تقریباًٰ دس ہزار کے ووٹ سے ہرایا۔
این اے 24 چارسدہ کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے 78589 ووٹ حاصل کیے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔
یاد رہے کہ 2018 کے جنرل انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فضل محمد خان نے این اے 24 میں فتح حاصل کی تھی اور اس وقت عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کو پچھاڑ دیا۔ فاتح امیدوار نے 83495 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ رنر اپ امیدوار 59483 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
این اے 31 پشاور:
اُدھر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے حلقے این اے 31 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 59972 ووٹ لیکر فتح حاصل کی۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حمایت یافتہ امیدوار اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے 34724 ووٹ حاصل کیے۔
یاد رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت علی نے 87 ہزار 895 ووٹ لیکر فتح حاصل کی تھی جبکہ مخالف امیدوار عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی غلام احمد بلور نے 42476 ووٹ حاصل کیے تھے اور دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس سیٹ پر متحدہ مجلس عمل کے محمد صدیق الرحمان نے 11657 ووٹ حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ 2013ء میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے عام انتخابات میں اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور کو واضح ووٹوں کی برتری سے شکست دی تھی تاہم بعد میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور پی ٹی آئی کو شکست دیکر قومی اسمبلی پہنچے تھے۔