وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے ماسٹر پلان 2050ء کی منظوری دے دی

Published On 17 October,2022 02:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہورکے ماسٹر پلان 2050 کے پلان کی منظوری دے دی، چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور ماسٹر پلان کے تحت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کنسلٹنٹ ماسٹر پلاننگ مسٹر ڈیوڈ نےلاہور ماسٹر پلان 2050ء پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی بھی اجازت دی گئی، اوورسیز پاکستانی ایک ہی دن میں ایل ڈی اے سے پلاٹ خرید سکیں گے اور ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفر کی سہولت دی جائے گی۔

چودھری پرویز الٰہی نے شاہدرہ پلان کو جلد از جلد قابل عمل بنانے اور تعمیرات کا آغاز کرنے کی ہدایت کی اور آزادی چوک میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے بائیکرز اورہیڈبرج بنانے کی منظوری دی گئی، اکبر چوک کوسگنل فری کرنے کیلئے فلائی اوور اور انڈرپاس تعمیر کرنے کی اجازت دی اور ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن2019ء میں ترامیم کی منظوری کا بھی حکم دیا گیا۔

اجلاس کے دوران ایل ڈی اے ایونیوون میں تنازعات حل کرنے کیلئے فریقین سے بات چیت کی منظوری، ایل ڈی اے ایونیو ون کے نادہندگان کی ادائیگی کی مدت میں توسیع اور ٹیپا کیلئے ڈویلپمنٹ ورک پرعائد پابندی اٹھانے کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مزید زرعی زمین ایکوائر کرنے کے بجائے ملٹی سٹوری بلڈنگ کلچر کو فروغ دیا جائے۔
 

Advertisement