لانگ مارچ:عمران خان کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 18 October,2022 08:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزرات داخلہ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے خلاف دائر کی جانے والی توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم مارچ اور دھرنے کے ذریعے اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کے اعلانات کر رہے ہیں۔

وزارت داخلہ کی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے، سماعت 20 اکتوبر کو ہوگی اور چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں پانج رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی بھی شامل ہیں۔

اس ضمن میں متعلقہ فریقین کو 20 اکتوبر بروز جمعرات کی پیشی کے حوالے سے نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
 

Advertisement