سیاست کے لبادے میں مجرموں کا گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے: عمران خان

Published On 19 October,2022 10:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست کے لبادے میں مجرموں کے اقتدار پر قابض گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے، قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کریں گے۔

عمران خان سے پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سوشل میڈیا ذمہ داران نے ملاقات کی، پی ٹی آئی کے بیانیے کے خدوخال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ لانگ مارچ کی تیاریوں اور عوامی جوش و خروش، سماجی میڈیا کارکنان کو ہراساں کرنے اور نشانہ انتقام بنائے جانے پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاست کے لبادے میں مجرموں کے اقتدار پر قابض گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے، استحکام اور ترقی کیجانب پیش قدمی کرتے پاکستان کو بیرونی سازش سے مختلف بحرانوں میں دھکیلا گیا، قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردِعمل دیا، بیرونی سازش کامیاب ہوئی تو عوام کسی تحریک کے بغیر بےمثال انداز سے سڑکوں پر نکلے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ سرکار نے عوام کو دبانے کیلئے بدترین فسطائیت کا سہارا لیا، میڈیا میں موجود آزاد اور غیرجانبدار آوازوں کو دبا کر ملک میں جبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی گئی، آئین و قانون پامال کرکے اظہار کی آزادی کو سلب کرنا اب ممکن نہیں رہا، ہمیشہ کیطرح لانگ مارچ میں بھی ہمارا سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کرے گا، روایتی سیاسی اہداف کے حصول کیلئے نہیں، قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کریں گے، ملک میں فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد تمام بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہے۔

 

Advertisement