تلہ گنگ : (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کی گندم کو بند کر دیا، اپنی عوام کو کہتا ہوں فکرنہ کرو ہم بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
چکوال کی تحصیل تلہ گنگ میں پاکستان مسلم لیگ ق کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے پنجاب کی گندم بند کردی میں تمہار ابندوبست کروں گا۔ شریف خاندان آتا ہے ڈرامے رچاکر چلا جاتا ہے۔ سندھ کوگندم دے دی، ہمیں اپنے پیسوں سے گندم لیناکی اجازت بھی نہیں دے رہے۔ تلہ گنگ والوں کو گواہ بنا کرکہتا ہوں ن لیگ والے بہت جھوٹ بولتے ہیں۔ میں نے ان کے ساتھ 15سال ر ہ کر قریب سے ان کا چہرہ دیکھا۔ سارے ٹبر نے سچ نہ بولنے کی قسم کھائی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے ایسا بندہ بھیجنے کی درخواست کی تھی جو ان سے نمٹ لے تو عمران خان مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ سوتے جاگتے بھی ہر جگہ جہاں جاتے ہیں عمران خان ان کے سامنے ہوتا ہے۔ کسی دوکان میں جاتے ہیں تو چور چور کے نعرے لگتے ہیں۔ سیلاب آیا سب کو باہر سے آیا ہوا پیسے اورسامان دیا، ہمیں کچھ نہیں ملا۔ شہبازشریف صرف اعلان کرتے ہیں اورجھوٹ بولتے ہیں۔ عمران خان کے ساتھ ملکر ٹیلی تھون کی تو اڑھائی ارب روپیہ اکاؤنٹ میں آگیا۔ عمران خان لاہور آئے تو انہیں یہاں بھی لاؤں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے احساس پروگرام کا بل پاس کرلیا، اب یہ صوبے بھر میں لاگو ہوگا۔ سیلاب والوں کو بھی احساس سے امداد دیں گے۔ 80لاکھ نادار خاندانوں کو پروگرام کے ذریعے رعایتی نرخوں پر راشن دیں گے۔ دوکاندار کو بھی احساس پروگرام سے دس فیصد ملے گا۔ اللہ سے دعا کی تھی کہ جو وعدے کیے ان میں تکمیل کی برکت ڈال دے۔ تلہ گنگ میں سڑکوں کا جال بچھا کر انڈسٹریل زون بنائیں گے۔ 10سال تک تلہ گنگ انڈسٹریل زون کو ٹیکس فری قراردیں گے۔ تلہ گنگ انڈسٹریل زون میں ساری فیکٹریاں لاؤں گا۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نوکریوں سے پابندی اٹھا لی، تلہ گنگ ضلع کیلئے ہزاروں نوکریاں ہوں گی۔ تلہ گنگ میں اعلی یونیورسٹی، میڈیکل کالج اورانجینئرنگ یونیورسٹی بنے گی۔ تمن ڈیم اورلاوا ڈیم بنا کر تلہ گنگ کے لوگوں کی ضروریات پوری کریں گے۔ تلہ گنگ کی برکت سے پنجاب میں چار ضلع اوربھی بن گئے۔ رورل ہیلتھ سینٹرز میں آنکھوں کے علاج کے لئے آپٹومیٹریسٹ آئیں گے۔ تلہ گنگ کی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔ چکوال کو بھی ترقی کے سفر میں سا تھ رکھیں گے، چکوال اور تلہ گنگ کو ملا کر ڈویژن بنا نے کا پروگرام ہے۔ لاواتحصیل کو بھی پوری طورپر فعال اورفنکشنل کریں گے۔ تلہ گنگ ہزاروں لوگوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ختم نبوت مسجد بنائیں گے۔ تلہ گنگ کے لوگوں نے خلوص اورپرتپاک استقبال کر کے حق ادا کردیا۔ سارے لوگ چھوڑ گئے،تلہ گنگ کے لوگ ساتھ کھڑے رہیں،میری نسلیں بھی نہیں بھولیں گے۔
پنجاب میں گندم کی کمی پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا وزیراعظم کو خط
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم شہباز شريف کو پنجاب میں گندم کی کمی پر خط لکھ کر فراہمی کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا جس میں وفاقی حکومت سے پنجاب کو 10 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں وزیراعلیٰ نے لکھا کہ پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فوری فراہم کی جائے اور باقی 7 لاکھ ميٹرک ٹن گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے وزرات نیشنل فوڈ سکیورٹی اور پاسکو کو ضرورت ہدایات جاری کی جائیں اور پنجاب میں گندم کی فراہمی کيلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پنجاب کی جانب سے وفاق کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے، ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی جب کہ وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے۔