کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے کرپٹ اور بد ترین ادارہ نیب ہے، اگر یہ ادارہ رہا تو پاکستان کا نظام نہیں چلے گا۔
کراچی میں نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج تیسرا سال چل رہا ہے نیب کورٹ میں پیش ہوتے، کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، کیا نیب لوگوں کو زندگی کے قیمتی سال واپس کرسکتا ہے؟ سابق چیئرمین نیب سے سوال ہے جو اس نے تفتیش کی،الزامات لگائے اس کا جواب کون دے گا؟۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ الیکشن چوری نہیں ہونے چاہئیں، کسی کی نا اہلی نہیں چاہتے، سیاسی مقابلہ میدان میں ہوتا ہے، بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو نا اہل کیا گیا، جو سیاست سے نااہل ہوا وہ صرف نواز شریف ہے، سب کے ساتھ انصاف ایک جیسا ہونا چاہیے، دوسروں کو جیلوں میں ڈالنے والے اپنے اثاثے بھی بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنس ان پر بنتے ہیں جو کام کرتے ہوں، جنہوں نے کام ہی نہ کیا ہو ان پر کیا ریفرنس بنے گا، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں آئین نہ جج پڑھتا ہے اور نہ قانون دان۔
سابق وزیراعظم نے آرمی چیف کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آرمی چیف خود 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کر چکے ہیں، 29نومبر سے پہلے نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا۔