اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر پر اپنے موقف پر ہمیشہ سےقائم ہے اور ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا، قومیں اپنے تہوار ہمیشہ ایک خاص مقصد کے تحت مناتی ہیں اور اپنی منزل پانے کے لئے صدیوں کوشش کرتی ہیں اور ضروری نہیں ہے کہ منزل فوراً مل جائے، اس کے لئے بے شمار قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف ریجنیل اسٹڈیز میں’’ کشمیر کے بھارت سے الحاق کا تاریخی تناظر میں تجز یہ ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستان کی مخالفت ہی یہی ہے کہ انہوں نے کبھی بھی پاکستان کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کیا، چاہے وہ کرکٹ کا میدان ہی کیوں نہ ہو ان کے دلوں میں شروع سے دشمنی کا لاوا ابل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کو تسلیم کیا ہے بلکہ ہمیشہ اس کو کشمیر نہیں پاکستان کا مسئلہ سمجھا ہے۔ گورنمنٹ چاہئے کوئی بھی ہو اور کوئی بھی جماعت برسراقتدار ہو،کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف ہمیشہ ایک رہا ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ ظلم و جبر کے اور مختلف ہتھکنڈوں سے کشمیر کے جغرافیائی حالات کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے، آج بھی ہندوستان کی یہ پالیسی رہی ہے کہ کشمیر کو عالمی منظر سے ہٹایا جائے جس کے لئے وہ شہریت اور ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیلیاں کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادیں کشمیر ایشو، مزدوروں ، کسانوں اور اقلیتوں کے حقوق پر رکھی گئی ہے۔ ہماری جماعت کشمیر ایشو کو ہر فورم پر اٹھاتی ہے ۔ تمام ممالک کی پالیسی ایسی ہوتی ہے کہ اپنے مفاد کے تحت ہی چلتے ہیں، یہ بات بالکل واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر کو زیادہ موثر طور پر اجاگر کرنے کے لئے پاکستان کی معیشت کا مضبوط ہونا بے حد ضروری ہے۔ ہمیں مسئلہ کشمیر کو مختلف ٹاک شوز ، سیمینار اور تعلیمی اداروں میں اجاگر کرکے اپنی نسلوں کو اس سے بہتر طریقے سے روشناس کرانا ہے، ہندوستان کے اندرنچلی زات کے ہندو ، سکھ اور مختلف مذاہب کے لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں۔ دنیا میں جبر و تشدد کے قوانین کے تحت قوموں کے حقوق دبا ئے نہیں جا سکتے اور ایسے طریقوں سے ملکوں کو فتح نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کشمیر ایشو اور پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، صحافی ارشد شریف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت تمام معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔