پنجاب حکومت کا دریائے چناب اور جنوبی پنجاب میں ڈیمز بنانے کا منصوبہ

Published On 25 October,2022 10:03 pm

لاہور: (لیاقت انصاری سے) پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دو ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کیلئے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصا پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر اور سمال ڈیمز بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کورونا کے دوران تعاون پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے، ہم یورپی یونین کے ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دو ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کیلئے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے، ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جا سکے گا بلکہ زرعی مقاصد کیلئے بھی پانی استعمال کیا جا سکے گا، یورپی یونین کی جانب سے ان منصوبوں کیلئے تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے، سیلاب زدگان کے لئے این جی او اخوت کے اشتراک سے گھر تعمیر کیے جائیں گے، یورپی یونین بھی سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کرسکتی ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے قوانین کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے، لیبر لاز کے نفاذ کو یقینی بنایا گیا ہے، ورکرز کے حقوق تحفظ اور ان کے بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں، ورکرز اور ان کی فیملیز کیلئے سوشل سیکیورٹی ہسپتال بنائے ہیں جہاں علاج معالجہ فری ہے۔

پرویز الہی نے کہا کہ ورکرز کے بچوں کو شادی پر میرج گرانٹ دی جاتی ہے اور میرج گرانٹ میں اضافہ بھی کیا ہے، جیل ریفارمز کا کام میں نے اپنے سابق دور میں شروع کیا لیکن آنے والی حکومت نے اس پر کام روک دیا، اب دوبارہ ہم جیلوں میں قیدیوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے کام کر رہے ہیں، قیدیوں کے لئے کھانے کے مینیو کو بہتر بنایا ہے، خواتین قیدیوں کے ساتھ بچوں کی تعلیم کے لئے جیلوں میں اسکول بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب قیدیوں کیلئے فری لیگل ایڈ کا نظام متعارف کرایا ہے، جیل ریفارمز پیکیج کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی اور اس کا بل اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا، پنجاب حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، تعلیمی اداروں میں داخلے اور ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے کوٹہ مخصوص کیا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تحمل، برداشت، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی پاکستان ہماری منزل ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین انتہائی دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیں، سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں میں معاونت کا جائزہ لیں گے، پنجاب حکومت کے ساتھ ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔

سفیر یورپی یونین نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اچھے اقدامات کر رہے ہیں۔