پشاور: (دنیا نیوز) ضلع کرم میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ملک فخر زمان کے مستعفی ہونے سے خالی ہونے والے حلقہ این اے 45 میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کامیابی سمیٹ لی۔
143پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق عمران خان 20 ہزار 748 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جے یو آئی ف کے ملک جمیل احمد خان 12 ہزار 718 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدوار ملک جمیل خان سمیت 14 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لیا، اس موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 تھی جبکہ 143 پولنگ سٹیشنز میں سے 119 کو حساس جبکہ 24 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔