لانگ مارچ، مارشل لاء لگانا ہے تو لگائیں مجھے کیا ڈرا رہے ہیں: عمران خان

Published On 31 October,2022 04:47 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جتنی مرضی پریس کانفرنس کرلیں یہ ذلیل ہوں گے، جوبھی پریس کانفرنس کرے گا وہ ذلیل ہوگا۔ اگرمارشل لا لگانا ہے لگائیں مجھے کیا ڈرا رہے ہیں، نوازشریف ایسا نہ ہو لانگ مارچ کودیکھ کرتمہارے پلیٹ لیٹس کم ہوجائیں، لانگ مارچ کو اسلام آباد پہنچنے کے لیے 8 سے 9 دن لگیں گے۔

گوجرانوالہ کے علاقے موڑ ایمن آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں نے راستے میں بہت پیار دیا، دیر سے پہنچنے پر معذرت کرتا ہوں، یہ سیاست نہیں ملک کو حقیقی آزادی دلانے کےلیے جہاد ہے، قائداعظم کے شکرگزارہوں انہوں نے ہمیں آزادی دلائی تھی، آپ سب کواسلام آباد لے جانے کا مقصد قوم حقیقی طور پر آزاد ہو، قوم تب آزاد ہو گی جب طاقتور اور غریب کے لیے ایک قانون ہو گا، یہ نہیں ہوسکتا بڑا ڈاکو این آر او لیکر وزیراعظم بن جائے، جیلوں میں صرف چھوٹے غریب چور نظر آتے ہیں، چھوٹا چور تو زیادہ سے زیادہ سائیکل چوری کرتا ہے یہ تو ملک لوٹ کر بھاگ گئے، جوتے پالش کرنے والے شہبازشریف کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی، ٹی ٹی کیس میں شہبازشریف کی 8 ارب کی چوری پکڑی گئی، 24 ارب کا ڈاکہ مارنے والے کو وزیراعظم بنا دیا گیا۔

 پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے 18 قتل کیے، سب سے بڑے جرائم پیشہ شخص کو رانا ثنا کو وزیرداخلہ بنا دیا گیا، ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے قتل کیے گئے، اسحاق ڈارنے بیان حلفی دیا شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتا رہا، بھگوڑا نوازشریف سزا یافتہ ہیں، نواز شریف نے لندن میں سب سے مہنگے علاقے میں مریم نوازکے نام پر فلیٹ خریدے، افسوس ملک کی بدقسمتی جج نے بری کر دیا، کہا فلیٹس ثابت کرو، ثابت کیا کرتے نوازشریف اوران کے بچوں نے خود تسلیم کیا، امپورٹڈ حکمرانوں نے نیب میں اپنا بندہ بٹھا دیا جو کہتا ہے فلیٹ ان کے نام ثابت نہیں کرسکتا۔ وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں بڑے چور کو انصاف کا نظام نہ پکڑ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ناانصافی کا نہیں، ملک کے سب سے بڑے مافیاز کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، مشرف نے پہلے نواز شریف، زرداری کو نکالا پھر اپنی کرسی بچانے کے لیے انہیں این آر او دیا، ان دونوں نے این آر او کے بعد 10 سال ملک لوٹا، بند کمرے میں فیصلہ کر کے پھر ان چوروں کو مسلط کر دیا گیا، ہمارے دورمیں انڈسٹریزتیزی سے ترقی کررہی تھی، انہوں نے آتے ہی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کورونا کے باوجود معیشت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ہمارے دور میں ملک خوشحالی کی طرف جا رہا تھا، دنیا کی جمہوریت کی تاریخ میں 8 ضمنی الیکشن جیت کر ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے، ساری قوم نے چوروں، مافیاز کو مسترد کر دیا ہے، نواز شریف سے جب منی ٹریل پوچھی جائے تو دم دبا کر بھاگ جاتا ہے، وہاں جا کر ڈیل کرتا ہے، جب ڈیل ہوتی ہے تو پھر واپس آ جاتا ہے، اب بھگوڑا چاہتا ہے پاکستان میں ماحول سازگار اور طاقتور حلقوں سے سٹینڈنگ ہو، نوازشریف اور تمہارے ہینڈلر سن لیں یہ پاکستانی قوم ہے، گائیں، بھینسیں نہیں ہیں، یہ پاکستانی قوم ہے گائے، بھینسوں کی طرح ڈنڈے مار کر اِدھر اُدھر نہیں کر سکتے، یہ دنیا کے عظیم لیڈر نبی ﷺ کی امت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر زبردستی چوروں کی حمایت کرنے کا کہیں گے تو قوم آپ کے خلاف ہو جائے گی، اداروں کی عزت تب ہوتی ہے جب قوم عزت کرتی ہے، ادارے اپنے فیصلوں سے عزت کراتے ہیں، جو بھی ان کا ساتھ دے گا قوم ان کے خلاف ہو جائے گی۔ اداروں کی مضبوط تب ہو گی جب قوم پیچھے کھڑی ہو گی، بھیڑ، بکریاں تو ان کے پیچھے لگ جائیں گی، پاکستانی قوم نہیں، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،8 سے 9 دن اسلام آباد پہنچنے میں لگیں گے، گلگت بلتستان، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سے قافلے اسلام آباد کی طرف نکلیں گے، اسلام آباد پہنچنے میں ہمیں دیرلگ رہی ہے۔

 نوازشریف ایسا نہ ہو لانگ مارچ کودیکھ کرتمہارے پلیٹ لیٹس کم ہوجائیں

گوجرانوالہ کی جانب جاتے ہوئے ایک اور مقام پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب وزیراعظم تھا توسوٹ پہننے کے بجائے شلوار قمیض پہنتا تھا، مجھ میں کوئی احساس کمتری نہیں، یہ امریکا کے غلام باہر جا کر بھیک مانگتے ہیں، یہ باہر جا کر ہمیں شرمندہ کرواتے ہیں، ہمارا دین ہمیں غیرت دیتا ہے، ہمارا کلمہ غلامی کی زنجیریں توڑدیتا ہے، آج تک اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکا نہ پاکستانیوں کو جھکنے دونگا، جواللہ کے سامنے جھکتا ہے وہ کسی کے سامنے نہیں جھکتا، ہمیں اپنے آپ کو بیرونی آقاؤں اورظلم کے نظام سے ملک کوآزاد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں دنیا میں ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، شہباز شریف دنیا میں جا کر ہمیں شرمندہ کرواتا ہے، بڑے، بڑے ڈاکوؤں کی باری باری چوری معاف کی گئی، شہبازشریف کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی، پاکستان میں جیلوں میں تمام چوروں کی چوری کو ملا لیا جائے تو شہباز شریف کی چوری زیادہ ہے، شہبازشریف وزیراعظم بن گیا ہے، جیلوں میں چھوٹے چھوٹے چورجیلوں میں سڑ اور گل رہے ہیں، ڈاکوؤں کا سارا ٹبر بیرون ملک بیٹھا ہے، بھگوڑا واپس آنے کی تیاری کر رہا ہے۔ نوازشریف کو 3 سال سے دوائی ہی نہیں مل رہی، نوازشریف چوڑا ہو کر این آراو لے گا پھر واپس آئے گا، نوازشریف میری قوم تمہارا انتظار کر رہی ہے، نوازشریف ایسا نہ ہو لانگ مارچ کودیکھ کرتمہارے پلیٹ لیٹس کم ہوجائیں، نوازشریف نے رپورٹ بھی جعلی بنالی تھیں۔  

کرم الیکشن میں13جماعتوں کوہم نے پھینٹا لگایا

چن دا قلعہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرامن انقلاب آرہا ہے، عوام نے امپورٹڈ سرکار کو مسترد کر دیا ہے، پاکستان میں چھوٹا چور جیل اور بڑا ڈاکو وزیراعظم بن جاتا ہے، عوام بیرونی سازش، این آراو والی نہیں شفاف الیکشن سے حکومت چاہتے ہیں، کرم الیکشن میں 13 جماعتوں نے ملکر میرے خلاف الیکشن لڑا، کرم الیکشن میں13جماعتوں کوہم نے پھینٹا لگایا۔ آزادی آرام سے نہیں ملتی، قربانیاں دینا پڑتی ہے،اگرقربانی دینا پڑے گی توسب سے پہلے میں دونگا۔

جتنی مرضی پریس کانفرنس کر لیں، ذلیل ہوں گے

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جتنی مرضی پریس کانفرنس کرلیں یہ ذلیل ہوں گے، جوبھی پریس کانفرنس کرے گا وہ ذلیل ہوگا، پُرامن انقلاب لیکرآرہا ہوں، اگرمارشل لا لگانا ہے لگائیں مجھے کیا ڈرا رہے ہیں، ایسی حرکتیں تو پرویز مشرف کے مارشل لا میں بھی نہیں ہوئی تھیں، یہ بزدل لوگ ہیں، سوائے صاف اور شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی بات چیت نہیں ہو گی، میرا مقصد رول آف لا ہے، چوروں کوقانون کے نیچے لانا چاہتے ہیں، ہم اپنے اداروں سے لڑائی نہیں چاہتے، ہمارا جینا مرنا پاکستان اپنے اداروں کو کمزورنہیں کرونگا، نہیں چاہتا فوج کمزور ہو، اعظم سواتی پر تشدد کرنے والے افسر پر ایکشن ہونا چاہیے، اسلام آباد کے حوالے سے ہمارا پلان ہے، سندھ میں زرداری نے لوگوں کوغلام بنایا ہوا ہے، سندھ میں سب سے زیادہ جاکرکمپین کرونگا، میرا دعویٰ ہے انشااللہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ عوام اسلام آباد میں اکٹھی ہوگی۔

کل ہم گوجرانوالہ شہر سے گزریں گے

ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ایمن آباد میں عوامی استقبال اور جذبے کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر ہم تقریباً 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں لہذا جو لوگ ہمارا استقبال کرنا چاہتے ہیں وہ اس وقت کے مطابق ایڈجسٹ کریں، کل ہم گوجرانوالہ شہر سے گزریں گے۔

چیف جسٹس اعظم سواتی کیساتھ ساتھ شہباز گل کا کیس بھی سنیں

گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، چیف جسٹس اعظم سواتی کے ساتھ ساتھ شہباز گل کا بھی کیس سنیں، جو صحافی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر دس ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں بیٹھا، تم شریف خاندان کے گھر کے نوکر ہو، الیکشن کمیشن نے مجھے نااہل قرار دیا، میری دیانت داری پر سوال اٹھایا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج میری نااہلی ختم کر دی۔ سب کو نظر آ رہا ہے انقلاب کتنی تیزی سےاسلام آباد کی طرف بڑھ رہا ہے، شہباز شریف میں پیغام ان کو دے رہا ہوں جنہوں نے تمہیں اجازت دی اوپر بیٹھنے کے لیے، جو بھی چوروں کے ساتھ ملے گا وہ ان کے ساتھ رنگا جائے گا۔

 پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں، جنہوں نے چوروں کو ہم ہر مسلط کیا، جن کے پاس اختیار ہے، دیکھ لیں آج قوم کہاں کھڑی ہے، اسٹیبشلمنٹ اپنے ملک کی قوم کیخلاف کھڑی نہیں ہوتی، آپ نے ان چوروں شریف اور زرداری خاندانوں کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر مسلط کردیا، بند کمروں میں فیصلہ کرتے ہیں، پہلے فیصلہ کیا یہ چور ہیں پھر پاک کر دیا پھر کہا چور ہیں پھر پاک کر دیا تاکہ قوم دوبارہ ان کے پیچھے لگ جائے، خدا کے واسطے ہمیں جانور نہ سمجھو ،ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہم انسان ہیں۔ اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اگر میری موت لکھی ہے تو مجھے ارشد شریف والی موت دے گیدڑ والی موت نہ دے۔ کبھی بھی ملکی اسٹیبلشمنٹ عوام کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی کیونکہ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی بھی ملکی اسٹیبلشمنٹ عوام کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی کیونکہ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں، آپ ان چوروں کے ساتھ نہ کھڑے ہوں جو ان کے ساتھ ملے گا وہ انہی کے ساتھ رنگا جائے گا۔ اللہ نے تمہیں نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی، چوروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ذلیل ہو یا حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہو، خدا کے واسطے پاکستانی قوم کو گائے بھینسے نہ سمجھو، ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ ہم ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 10 سے 12 کلومیٹر کا سفر طے کریں گے۔

عمران خان نے کہا انھیں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیے نو ارب ہو جاتا ہے۔ نمل یونیورسٹی کے لیے میرے نام پر پیسہ جمع ہوتا ہے۔ القادر یونیورسٹی میں سو فیصد بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پشاور کی شوکت خانم کینسر ہسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے جبکہ اب کراچی میں بھی شوکت خانم کینسر ہسپتال بننے جا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ان پر کوئی غیرقانونی چیز ثابت ہو گئی تو وہ عدالت کے فیصلے سے پہلے مستعفی ہو جائیں گے۔ ضمنی انتخابات میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ان کے مطابق وہ آٹھ میں سے سات نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ میں اب ان سے مخاطب ہوں جو اس (حکومت) کو لے کر آئے ہیں کہ بند کمروں میں جو فیصلے کرتے ہیں عوام ان کے ساتھ نہیں کھڑی ہے۔ ان کے مطابق عوام ان سے نفرت کرتے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کو مسلط کرنے والو قوم کی آواز سن لو۔‘ انھوں نے کہا کہ ’بند کمرے میں فیصلہ کرکے چوروں کو این آر او دے دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام کیخلاف کبھی اسٹیبلشمنٹ کھڑی نہیں ہوتی۔ بند کمرے میں فیصلے کرنے والو سن لو پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں نہیں۔ قوم کی آواز سن لو، سن لو قوم کدھر کھڑی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’جو بھی ان کے ساتھ ملے گا، وہ انھی کے ساتھ رنگا جائے گا۔ لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں۔

عمران خان کا ٹویٹ

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں لکھا کہ میں چھ ماہ سے میں ملک میں ایک انقلاب کا مشاہدہ کر رہا ہوں۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ بیلٹ باکس کے ذریعے سافٹ انقلاب ہو گا یا خونریزی کے ذریعے تباہ کن انقلاب آئے گا؟

Advertisement