وزیر اعظم کا دورہ چین سی پیک کو نئے جذبے سے آگے بڑھانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا: خرم دستگیر

Published On 31 October,2022 05:42 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں اور دورہ سی پیک کو ایک بار پھر نئے جذبے سے آگے بڑھانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، رواں سال اربوں روپے کی لاگت سے توانائی کے نئے منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور ان سے مطلوبہ توانائی کے حصول سمیت بجلی کی کمی کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لالیاں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 220کے وی گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ مذکورہ منصوبہ سے جہاں توانائی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی وہیں نئے چھوٹے و بڑے صنعتی یونٹس بھی لگ سکیں گے جبکہ علاقہ میں پہاڑوں کی کٹائی اور بجر و بجری کی تیاری کیلئے لگے ہوئے سٹون کرشرز کے وولٹیج بھی پورے ہو جائیں گے۔ انہوں نے صرف گرڈ اسٹیشن کے منصوبہ کا ہی افتتاح نہیں کیا بلکہ اس سے علاقے کی ترقی کا بھی افتتاح ہوا ہے کیونکہ جب یہاں نئے یونٹس لگیں گے اور سرمایہ کاری آئے گی تو یہاں کے لوگوں کو روز گار کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔ قبل ازیں نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں بجلی کی کمی کا خاتمہ کیا اور جہاں روزانہ 18،18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو تی تھی وہاں ملک کو لوڈ شیڈنگ فری کر دیا یہی نہیں بلکہ کراچی جیسے علاقوں میں جہاں روزانہ 30،30 قتل ہوتے تھے اور وہاں لوگوں نے بیرونی و اندرونی سرمایہ کاری روک دی تھی نہ صرف وہاں امن قائم کیا بلکہ ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نواز شریف نے اس ملک کو روشن اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ بیرونی و اندرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کیا جس سے پاکستان تعمیر و ترقی کی منازل کی جانب گامزن ہوا مگر فتنہ خان کی فسادی حکومت نے تمام کئے کرائے پر پانی پھیر دیا اور اپنے گزشتہ 4سالہ دور حکومت میں ملک کو 50سال پیچھے دھکیل دیا۔ نواز شریف نے ملک میں سی پیک لا کر پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھ دی۔ فیسکو ملک کی اہم ترین ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے کیونکہ یہ پاکستان کے مانچسٹر اور ٹیکسٹائل حب فیصل آباد کی کاروباری و صنعتی اور برآمدی ترقی میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب سسٹم میں نئی بجلی شامل ہونے سے کاروباری و صنعتی ترقی کا پہیہ تیز ہو گا اور وولٹیج بھی ڈراپ نہیں ہو ں گے۔

انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ ترقی کے دشمن ٹولہ نے ملک و قوم پر مسلط ہو کر 4سال میں جو نقصان کیا اور پاکستان کی ترقی کو روکا ہمیں اس کا بھی مل کر تدارک کرنا ہو گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ترقی کے صفر کو دوبارہ موٹر وے پر ڈالیں تاکہ یہ برق رفتاری سے اسی طرح اپنا سفر مکمل کر سکے جس طرح نواز شریف نے 2013سے 2018تک کیا تھا۔ ایم ڈی، این ٹی ڈی سی جو بہت سال پہلے فیسکو چیف بھی تھے انہوں نے نواز شریف کی طرف سے لگائی گئی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ملک کو لوڈ شیڈنگ فری کیا اور اب بھی وہ شہباز شریف کی ہدائت پر توانائی کی کمی کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ جس کے دل میں پاکستان کو ترقی دینے کی تڑپ ہو اور اس کو اللہ تعالیٰ نے جان بھی عطا کی ہو وہ ملکی ترقی میں اسی طرح اپنا کردار ادا کرے جس طرح نواز شریف نے پہلے کیا تھا اور اب بھی ان کی ہدا یت پر شہباز شریف کر رہے ہیں۔ یہ ترقی کی ہی تڑپ تھی کہ جو منصوبے گزشتہ دور حکومت میں روک دیئے گئے تھے ان پر عمل شروع کیا گیا ان میں ایک منصوبہ کروٹ ہائیڈروالیکٹرک پاور کے 775میگاواٹ کے پلانٹ کا بھی تھا جو ماضی میں 4سال بند رہا لیکن اب ہم نے اسے چلا دیا ہے اسی طرح آنے والے دنوں میں 1320میگا واٹ شہنگائے تھر کول منصوبہ بھی کام شروع کر دے گا۔

انجینئر خرم دستگیر نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف کا مشن ہے کہ ہم نے اس مٹی کو سنوارنا اور اسے ترقی دینی ہے۔ ہمارے بھائی اور بزرگ جن کے ذہنوں میں سوال ہے کہ ترقی کیا ہوتی ہے انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ترقی یہ ہوتی ہے کہ آج ہم نے تمہارے ٹیوب ویلوں کے وولٹیج پورے کردیئے اور بجلی کی کمی دور کر دی۔ بے شمار ایسے پراجیکٹ ہیں جو ترقی کے دشمن فسادیوں کی ترقی دشمنی کی وجہ سے رک گئے لیکن شہباز شریف نے بطور وزیر اعظم ان میں دوبارہ تیزی پید ا کی اور یہ انہی کی کوششوں کا ثمر ہے کہ وہ آج لالیاں میں پاور پراجیکٹ کا افتتاح کر رہے ہیں۔اسی طرح یہ ترقی فیصل آباد میں بھی ہو گی اور اس کی خوشبو ہم چارو ں طرف پھیلائیں گے۔ رواں سال 2022میں این ٹی ڈی سی کے تقریباً ایک ہزار ارب روپے کے پراجیکیٹ ہیں جن کا چاروں صوبوں میں افتتاح کیا جائے گا جبکہ کہیں بنیاد رکھیں گے تو کہیں تکمیل پر منصوبہ چالو ہو گا۔ این ٹی ڈی سی اور فیسکو میں انتہائی ماہر و تجربہ کا الیکٹرک اینڈ پاور انجینئر زموجود ہیں جو حکومتی پالیسیوں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد نواز شریف کا مشن ہے کہ وہ ملک کو بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں گے اور اس حوالے سے تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ عمران خان قوم کو دھوکہ دے کر ملک اور عوام کا وقت ضائع اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جس سے ملک کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن وہ جو چراغ بجھا نا چاہتے ہیں ہم اسے اپنے لہو سے روشن رکھیں گے۔ ملک بھر کے تمام صوبوں کے تمام شہروں کو یکساں ترقی کے دھارے میں لایا جائے گا۔ جب یہاں پر سرمایہ کاری آئے گی تو روز گار کے مواقع بڑھیں گے جس سے بے روز گاری اور غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
 

Advertisement