لانگ مارچ، عمران خان زخمی، صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت

Published On 03 November,2022 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ کے دوران کنٹیر پر فائرنگ کے باعث عمران خان کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران کنٹیر پر فائرنگ ہوئی، جس کے باعث سابق وزیراعظم عمران خان ، سینیٹر فیصل جاوید ، احمد ناصر چٹھہ سمیت دیگر کارکن شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال متنقل کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نوٹس

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ میں نے وزیر داخلہ کو واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

 انہوں نے مزید لکھا کہ میں پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو سکیورٹی اور تفتیش کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ہماری ملکی سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

صدر عارف علوی

 صدر عارف علوی نے ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی چیئر مین محفوظ ہیں لیکن ان کی ٹانگ میں چند گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں اور امید ہے ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے، یہ حملہ افسوسناک، تشویشناک، ہے۔ اللہ ان کو اور تمام زخمیوں کو صحت عطا فرمائے۔

نواز شریف اور مریم

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں اور زخمیوں کی صحتیابی کے لئیے دعا گو ہوں۔ 

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر لیگی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں اور ان سمیت تمام زخمیوں کی صحت کے لیے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مذمتی پیغام جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ عمران خان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔

آصف زرداری

دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی عمران خان کے جلوس پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور عمران خان اور دیگر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔

احسن اقبال

دوسری طرف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں احسن اقبال نے لکھا کہ اللہ کا شکر ہے عمران نیازی محفوظ ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ میں عمران نیازی کے کنٹینر پر وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور حکومت پنجاب کو تجویز دی انہیں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا چاہیے۔

سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر حملے کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولی اور گالی کی سیاست مسترد کرتے ہیں۔

Advertisement